نئی دہلی، 28؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی کی پاک مقبوضہ کشمیر(پی او کے ) گلگت اور بلوچستان کے لوگوں سے تعلقات کی پہل کے درمیان حکومت ملک میں رہ رہے پاک مقبوضہ کشمیر کے بے گھر لوگوں کے لیے دو ہزار کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کرنے والی ہے۔ایک سینئر افسر نے بتایا کہ منظوری کے لیے وزارت داخلہ جلد ہی پیکیج کو مرکزی کابینہ کے سامنے رکھ سکتی ہے۔جموں و کشمیر حکومت نے پیکیج کی تقسیم کے لیے 36348خاندانوں کی پہلے ہی شناخت کر لی ہے جس کے تحت ہر خاندان کو تقریبا ساڑھے پانچ لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔افسر نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ ایک مہینے کے اندر پیکیج کو مرکزی کابینہ سے منظوری مل جائے گی اور فنڈ فائدہ اٹھانے والوں میں تقسیم کیا جا سکے گا۔مغربی پاکستان، زیادہ تر پی اوکے سے آئے پناہ گزین جموں، کٹھوعہ اور راجوری اضلاع کے مختلف حصوں میں آباد ہو گئے ہیں، حالانکہ وہ جموں و کشمیر کے آئین کے مطابق ریاست کے مستقل باشندوں کے زمرے میں نہیں آتے۔کچھ خاندان 1947میں ملک کی تقسیم کے وقت بے گھر ہو گئے تھے اور دیگر خاندان 1965اور 1971میں پاکستان کے ساتھ جنگ کے دوران بے گھر ہوئے تھے۔بے گھر ہوئے لوگ لوک سبھا انتخابات میں ووٹ ڈال سکتے ہیں، لیکن جموں و کشمیر اسمبلی کے انتخابات میں وہ ووٹ نہیں ڈال سکتے۔