نئی دہلی،10مارچ(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)تمل ناڈو کی سابق وزیر اعلی جے جے للتا کی موت کی سی بی آئی سے جانچ کرانے کی مانگ آج لوک سبھا میں اٹھی اور انا ڈی ایم کے کے کچھ ارکان اس مسئلے پر اپنی التواء تجویز کے نوٹس کواسپیکرکی طرف سے منظوری نہیں دئے جانے کے خلاف ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔صبح ایوان میں وقفہ سوال شروع ہوتے ہی انا ڈی ایم کے کے کچھ رکن اپنے ہاتھوں میں پوسٹر لے کر صدر کی کرسی کے سامنے آ گئے۔ان پوسٹروں پر جے للتا کی تصویر لگی تھی اور ان پر لکھا ہوا تھا’’ہم سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کرتے ہیں‘‘۔یہ ارکان اسپیکر کے سامنے آکر نعرے بازی کرنے لگے جس پر اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ وہ انہیں وقفہ صفر میں اپنی بات رکھنے کا موقع دیں گی۔لیکن انا ڈی ایم کے رکن نعرے بازی کرتے رہے جس پر صدر نے وقفہ سوال کی کارروائی قریب دس منٹ کے لئے ملتوی کر دی۔11بج کر 20منٹ پر ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہونے پر انا ڈی ایم کے کے ایک رکن نے کہا کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس پر اپنی بات رکھنے کی چیئرمین کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے خلاف احتجاج میں پارٹی اراکین ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہیں،اس کے بعد چیئرمین کے سامنے آکر پہلے نعرے بازی کرنے والے انا ڈی ایم کے کے قریب چھ سات اراکین ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔