ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جے این یو عصمت دری معاملہ:یونیورسٹی نے ملزم طالب علم کو معطل کیا

جے این یو عصمت دری معاملہ:یونیورسٹی نے ملزم طالب علم کو معطل کیا

Sun, 28 Aug 2016 19:39:35    S.O. News Service

نئی دہلی، 28؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جواہر لال نہرو یونیورسٹی نے ساتھی طالب علم کی آبروریزی کرنے کے ملزم پی ایچ ڈی طالب علم کو معطل کر دیا ہے اور تحقیقات ہونے تک کیمپس میں اس کے داخل ہونے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔طلبا اور اساتذہ کے احتجاج کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔قابل ذکرہے کہ جے این یو کی 28سالہ ریسرچ اسکالر نے الزام لگایا تھا کہ ساتھی طالب علم انمول رتن نے 20؍اگست کو یونیورسٹی کیمپس میں اپنے ہاسٹل کے کمرے میں اس کو نشہ آور مشروبات پلا کر اس کی آبروریزی کی تھی ۔انمول بائیں بازو کی طلبا تنظیم آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن(آئیسا)سے منسلک تھا اور اس تنظیم نے بھی اسے نکال دیا ہے۔پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
انمول شروع میں گرفتاری سے بچتا رہا لیکن بعد میں 24؍اگست کو اس نے خودسپردگی کر دی جس کے بعد اسے 14دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔معطلی کے احکامات کے مطابق، معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے اور خواتین پر جنسی تشدد کے خلاف قطعی برداشت نہ کرنے کی پالیسی کے تحت انمول رتن کو معاملے میں تفتیش مکمل ہونے تک فوری طور پر یونیورسٹی سے معطل کر دیا گیا ہے۔حکم میں کہا گیاکہ معطلی کے دوران انمول رتن کے لیے پورے جے این یو کیمپس میں داخلہ ممنوع رہے گا،اگر کسی کو بھی کیمپس میں کسی ہاسٹل میں انمول کو پناہ دیتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔اس سے پہلے طلبا اور اساتذہ نے انمول کے خلاف کارروائی کامطالبہ کیا تھا تاکہ احاطے میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے اور اس طرح کے واقعات کو برداشت نہ کرنے کا سخت پیغام دیا جا سکے۔یونیورسٹی انتظامیہ نے جنسی تشدد کے خلاف جنسی حساسیت کمیٹی(جی ایس سی اے ایس ایچ)کو بھی معاملے کی تحقیقات کرنے کو کہا ہے۔یونیورسٹی کی یہ کمیٹی اس طرح کی شکایات کے معاملے میں بھی جانچ کرتی ہے۔عصمت دری کا یہ معاملہ جے این یو کیمپس میں سیاسی ایجنڈا کا مرکز بن گیا ہے جہاں اگلے پندرہ دنوں کے بعد اسٹوڈنٹ یونین کا الیکشن ہونے والا ہے ۔مختلف سیاسی پارٹیوں سے منسلک طلبا تنظیم انتخابات سے پہلے اس مسئلے کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔


Share: