بنگلورو:19/جولائی (ایس او نیوز) مغرب مانسون کرناٹک کے بیشتر حصوں میں گذشتہ دو دنوں سے سرگرم ہوگیا ہے۔ دریاوں اور ذخائر آب میں پانی کا بہتر بہاؤ دیکھا جارہا ہے۔سست رفتاری سے مانسون کے آغاز کے بعد اس میں پیش رفت ہوئی۔ مغربی گھاٹوں ' چکمگلور ' کوڈاگو ' شموگہ ' ہاسن کے ساحلی اضلاع میں شدید بارش ہوئیء جبکہ ساحلی دکھشن کنڑ ' اڈپی اور اتر کنڑ اضلاع میں اس ہفتہ میں بارش ہوئی۔ کوڈوگو جہاں سے دریائے کاویری نکلتی ہے کہ بیشتر حصوں کے علاوہ دیگرپہاڑی علاقوں کے اضلاع میں مسلسل بارش ہورہی ہے۔ کاویری کے نکلنے کے مقام تالاکاویری کے قریب بھاگا منڈلا میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ کرناٹک کے جنوبی حصہ کی دریائے کاویری اور اس کی ذیلی ندیوں پر تعمیر شدہ کے آر ایس اور دیگر چھوٹے ڈیمس اور دریائے کرشنا کے تنگبھدرا اور الماٹی ڈیمس میں بھی پانی کا بہتر بہاؤ حاصل ہوا ہے۔ مہاراشٹرا کے اونچائی والے آبگیر علاقوں میں بہتر بارش کے سبب دریائے کرشنا میں پانی کا بڑے پیمانے پر بہاؤ دیکھا گیا۔ کوڈوگو ضلع میں بارش میں شدت پیدا ہوئی۔ حکام نے بھاگا منڈلا میں اسکولس کو تعطیل کا اعلان کیا، جہاں پر تین دریائیں بشمول کاویری اور تری وینی سنگما ملتے ہیں۔ بھاگا منڈلہ اور آئین گری علاقوں میں سڑک کا رابطہ بند کردیا گیا ہے۔ کاویری طاس کے چار ریزروائرس کرشناراجہ ساگر ' کابینی ' ہیماوتی اور ہارنگی میں آبی گنجائش 50فیصد سے کم ہے تاہم امید اس بات کی ہے کہ کرناٹک کے علاوہ کیرل کے وایاناڈ کے آبگیر علاقوں میں بہتر بارش کے سبب مزید پانی کا بہاو آئے گا۔ کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مانیٹرنگ سنٹر کی معلومات کے مطابق 2016 کے 48.26 ٹی ایم سی فیٹ کے برخلاف جاریہ سال جملہ ذخائر کی گنجائش 21.43ٹی ایم سی فیٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔چکمگلور میں گذشتہ دو دنوں سے شدید بارش جاری ہے۔ اس ضلع میں جہاں سے بھدرادریا نکلتی ہے ' 101ملی میٹر اوسط بارش گذشتہ روز درج کی گئی جو معمول سے 31فیصد زائد ہے۔ گذشتہ ہفتہ 89.58ملی میٹر اوسط بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ مودی گیرے تعلقہ کے اورو باگے گاؤں میں سب سے زیادہ 207.4ملی میٹر بارش گذشتہ روز درج کی گئی۔ اسی دوران میسورو ضلع کے کابینی ریزروائر میں بھی پانی کا بہتر بہاؤ دیکھا گیا۔ گذشتہ دو دنوں کے دوران یہ بہاؤ 7ہزار کیوزک سے تجاوز کرگیا جس کے بعد ایک ہزار کیوزک پانی کو چھوڑا گیا۔ گذشتہ روز 2284مکمل گنجائش کے برخلاف 2267فیٹ آبی سطح دیکھی گئی۔ کے آر ایس کی مکمل سطح 124.80فیٹ کے برخلاف 78.18فیٹ درج کی گئی۔اس میں 5500کیوزک پانی کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 1500کیوزک پانی چھوڑا گیا۔ کوڈوگو کے آبی علاقوں میں شدید بارش کے سبب آئندہ دو دنوں کے دوران مزید بہاو کی توقع ہے۔ مقامی محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق جنوب مغربی مانسون ریاست میں سرگرم ہوگیا ہے۔