ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ نرمل سنگھ نے برہان وانی کی موت کو بتایا حادثہ ، پھراپنے بیان سے لیا یو ٹرن 

جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ نرمل سنگھ نے برہان وانی کی موت کو بتایا حادثہ ، پھراپنے بیان سے لیا یو ٹرن 

Sun, 31 Jul 2016 20:50:23    S.O. News Service

سری نگر ،31؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )جموں کشمیر کی پی ڈی پی-بی جے پی حکومت کو حزب المجاہدین کے جنگجو برہان وانی کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ہوئی موت پر تین ہفتے بعد بھی اپنی پوزیشن واضح کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تازہ معاملہ ریاست کے نائب وزیراعلیٰ اوربی جے پی لیڈر نرمل سنگھ کا ہے، جنہوں نے وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے سر میں سر ملاتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز کو اس کی اطلاع نہیں تھی کہ برہان وانی بھی وہاں موجود ہے۔سنگھ نے کہاکہ برہان کا انکاؤنٹر ایک حادثہ تھا، اگر ہمیں پہلے اس کے بارے میں پتہ ہوتا تو ہم اس مہم سے پہلے احتیاط برتتے۔حالانکہ اس بیان کے کچھ ہی گھنٹے بعد نرمل سنگھ کی صفائی بھی آگئی۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایسا کبھی نہیں کہا کہ برہان وانی کا انکاؤنٹر ایک حادثہ تھا۔انہوں نے کہا کہ صرف میں صحافی کے سوال پر واقعہ کی تشریح کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک برہان وانی کا سوال ہے، تو وہ ایک دہشت گرد تھا، اس طرح کی حرکت کرنے والے دہشت گردوں کی موت ایسے ہی ہوتی ہے۔نائب وزیر اعلی نے کہا کہ دہشت گرد صرف دہشت گردہوتا ہے، اچھا یا برا دہشت گرد نہیں ہوتا۔ایک دہشت گرد سے اسی طرح نمٹا جانا چاہیے جس طریقے سے سیکورٹی فورسزنے کام کیا۔انہوں نے کہا کہ کسی دہشت گرد کو دوسرا موقع نہیں دیا جاتا،بندوق اٹھاکر لوگوں کو مارنے والے شخص سے اسی طرح نمٹنا ہوگا۔اس سے پہلے جموں و کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ اگر سیکورٹی فورسز کو برہان وانی کی موجودگی کے بارے میں پتہ ہوتا تو جیسے حالات آج ہیں اس سے بچا جا سکتا تھا، حالانکہ سنگھ سے جب محبوبہ کے اس بیان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ دہشت گرد دوسرے موقع کا حقدار نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ان کی طرف (وزیر اعلی)یہ بیان دیا گیا ہوگا۔میرے خیال سے وہ واقعہ کے بعد پیدا ہونے والے حالات کے بارے میں بول رہی ہوں گی کہ اگر سیکورٹی فورسز کو اس بارے میں پتہ ہوتا تو وہ اس تشدد کو ٹالنے کے لیے احتیاطی قدم اٹھاتے۔اس سے پہلے بی جے پی نے بھی کہا کہ سیکورٹی فورسز کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کے تصادم کی جگہ پر موجودگی کے بارے میں معلومات تھی۔وانی کی موت کو کامیابی قرار دیتے ہوئے جموں کشمیر بی جے پی سربراہ، ست شرما نے کہا کہ ایسی کارروائیوں میں دہشت گرد کی شناخت اہمیت نہیں رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک وانی کے مارے جانے کا سوال ہے، تو یقینی طورپرسیکورٹی فورسز کو معلومات تھی، وہ جانتے تھے کہ اندر کون ہے اور انہوں نے ہر چیز پر غور کے بعد اپنا کام کیا۔انہوں نے کہاکہ بغیر اطلاع کے سیکورٹی فورس کام نہیں کرتے ۔واضح رہے کہ حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان کی موت کے بعد وادی میں جاری احتجاجی مظاہروں میں اب تک 47افراد کی موت ہوگئی ہے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔


Share: