سرینگر:16/اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع میں دہشت گردوں نے حکمران پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ایک کارکن کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ اس واقعہ میں دو دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ پلوامہ ضلع کے راجپورا علاقے میں ہفتے کی شام بشیر احمد ڈار (45) کے گھر میں دہشت گردوں نے دھاوا بول دیا۔ پولیس کے مطابق بشیر احمد ڈار کے گھر میں گھسنے کے بعد دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ میں بشیر کی موت ہو گئی جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔پولیس نے بتایا کہ دہشت گردوں نے اس سے پہلے مقامی بس اسٹینڈ کے قریب ایک اور شخص پر گولی چلائی تھی، جس کی شناخت الطاف احمد دار کے طور پر کی گئی۔ اس واقعہ میں الطاف کے پاؤں میں گولی لگی تھی۔ بشیر احمدڈار اور الطاف احمد مبینہ طور پر حکمراں پی ڈی پی کارکن تھے۔