نئی دہلی؍ بجنور،30؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے ایک اجلاس میں کہا ہے کہ جمعےۃ علماء ہند دین و ایمان کے جذبے کے ساتھ خدمت خلق کا عمل انجام دیتی ہے ، اس کے نزدیک بلا لحاظ مذہب و ملت تمام انسانوں کی خدمت عبادت ہے ،انھوں نے جمعےۃ علماء ہند کے تمام مشن اور کاموں کو قرآن وحدیث کی روشنی میں دین اورعبادت بتاتے ہوئے کہا کہ چاہے مظلوموں کی خدمت ہو یا جیل میں بند بے قصور افراد کی رہائی کی جد وجہد ، آفات سماوی یا فسادات کا موقع ہو ، مساجد ومقابر کا تحفظ اورشریعت اسلام کی پاسبانی ہو یہ سب کے سب جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کے آئینہ دار ہیں۔ مولانا حکیم الدین نے یہ باتیں جمعےۃ علماء بجنور کے زیر اہتمام خوشبو بینکٹ ہال نزد چنگی چاندپومیں منعقد اجلاس مجلس منتظمہ میں کہیں، جس میں پورے ضلع کی ۳۸؍شاخوں کے ذمہ داران سمیت تین سو موقر علماء اور دانشور شریک تھے۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہاکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کی نچوڑ دوباتیں ہیں :خالق کی عبادت اور مخلوق کی خدمت ، یہ اللہ کا شکر ہے کہ جمعےۃ علماء ہند اپنے اکابر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری صدر جمعےۃ علماء ہند اور مولانا محمود مدنی ناظم عمومی جمعےۃ علماء ہند کی موجودہ قیادت میں مخلوق کی خدمت کی سنت پر دل وجان سے گامزن ہے ۔ انھوں نے اس طرف بھی توجہ مبذول کرائی کہ جمعےۃ ایک خالص دینی جماعت ہے ، اس سے جڑنا بھی ثواب کا سبب اوراس کا کا م بھی ثواب ہے ۔
مولانا حکیم الدین نے کہا کہ اس ملک میں مسلمان اور دلت و آدی واسی خاص طور سے معاشی ، سماجی اور تعلیمی اعتبار سے پسماندہ ہیں،آدی واسی کے حالات تومزید ناگفتہ بہ ہیں، جمعےۃ علماء ہندسب کی بات کرتی ہے اور سب کے لیے جد وجہد کرتی ہے ، کیوں کہ جمعےۃ کی نگاہ میں مظلوم کوئی ایک خاص طبقہ نہیں بلکہ مختلف شناختوں سے وابستہ لوگوں کی برادری ہے ۔قائد جمعیۃ مولانا محمود مدنی صاحب نے میرٹھ، گودھرا اور ودانی کے اجلاسوں میں مظلوموں، دلت و پسماندہ طبقات اور ملت اسلامیہ کی منتشر جماعتوں کو متحد ہونے کی دعوت دی تھی اور اس جانب ایک خوشگوار پیش رفت بھی ہوئی ہے۔ انھوں نے دہشت گردی کے خلاف جمعیۃ علماء ہند کی جد وجہد کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ جمعےۃ دو جہتوں پر لڑرہی ہے ، ایک طرف جہاں وہ یہ کہتی ہے کہ ا سلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اسلام وہ تنہا مذہب ہے جو امن عالم کا حقیقی د اعی ہے ، و ہیں وہ بے قصور افراد جو دہشت گردی کے نام پر گرفتار ہوئے ہیں ، ان کا مقدمہ لڑتی ہے ، ایک طرف جہاں داعش کے اعمال کو اسلام دشمنی سے تعبیر کرتی ہے ،وہیں داعش کے نام پر حیدر آباد میں گرفتار بے قصور مسلم نوجوانوں کا مقدمہ عدالت میں لڑرہی ہے، یہ اعتدال کی راہ جمعیۃ علماء کی نمایاں خصوصیت ہے ۔مولانا حکیم الدین نے اس موقع پر جماعتی کارکنا ن کے لیے دس اوصاف محمودہ کا بھی ذکر کیا کہ عظیم مقاصد کے لیے بہتر صفت کا ہونا ضروری ہے۔اس کانفرنس کی صدارت جمعیۃ علماء بجنور کے صدر مولانا ارشد محمود قاسمی نے کی جب کہ نظامت کے فرائض مفتی شمس الدین قاسمی نے انجام دیے ۔اس اجلاس میں مہمان خصوصی مولانا قاری شوکت علی ویٹ ناظم اعلی جمعیۃ علماء اترپردیش ودیگر حضرات کا بھی خطاب ہو ا، دیگر اہم شرکا ء میں سے مولانا راشد احمد نقشبندی، مفتی اویس اکرم ، مولاناسلطان قاسمی ، قاری عبدالرزاق ، مفتی اسرار،مولانا محمد اسلم ، مفتی یسین ،مفتی شمس الزماں،قاری عارف رسول پور،مفتی محمد ناصر،مولانا محمد علی نورپور ، مولانا کامل ، مولانا مختار احمد ، چودھری مہتاب، حافظ نصرالدین باسٹہ، قاری عبدالحلیم ، قاری علی حسن، حاجی محمد وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں ۔