ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / جسٹس وشواناتھ شٹی ریاست کے اگلے لوک آیوکتہ متوقع

جسٹس وشواناتھ شٹی ریاست کے اگلے لوک آیوکتہ متوقع

Tue, 03 Jan 2017 21:51:22    S.O. News Service

بنگلور:3/جنوری(ایس او نیوز)ریاست میں لوک آیوکتہ کے تقرر کیلئے دوبارہ سرکاری سطح پر تیاریاں شروع کی جاچکی ہیں۔ ریاست بھر میں بدعنوان عناصر کے خلاف اے سی بی کی مسلسل کارروائیوں کے درمیان لوک آیوکتہ ادارہ کو ختم کرنے کے خدشات کو بے بنیاد ثابت کرتے ہوئے ریاستی حکومت داغدار لوک آیوکتہ جسٹس وائی بھاسکر راؤ کی برطرفی کے بعد اب ریاستی ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس وشواناتھ شٹی کو لوک آیوکتہ کے طور پر مقرر کرنے کے سلسلے میں غور وخوض کررہی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ 9جنوری کو ریاستی حکومت کی طرف سے نئے لوک آیوکتہ کے طور پر جسٹس وشواناتھ شٹی کے تقرر کا حکم نامہ غالباً جاری کردیا جائے گا۔ لوک آیوکتہ کے عہدہ سے جسٹس بھاسکر راؤ کے طویل بہانہ  بازی کے بعد استعفیٰ کو ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔اس مرحلے میں دیگر کئی ججوں کو لوک آیوکتہ کیلئے مقرر کرنے پر سنجیدگی سے غور وخوض ہوا، لیکن کسی نہ کسی حلقہ سے مخالفتوں کے سبب یہ تقرر انجام نہیں پایا تھا۔اب ریاستی حکومت نے جسٹس وشواناتھ شٹی کے نام پر اتفاق کیا ہے۔ اس سے پہلے جسٹس ایس آر نائک کو لوک آیوکتہ کے طور پر مقرر کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے تجویز روانہ کی گئی تھی، لیکن گورنر واجو بھائی والا نے اس سے اتفاق نہ کرتے ہوئے دو بار حکومت کی اس تجویز کو منظوری کے بغیر لوٹا دیا، جس کے سبب حکومت نے جسٹس ایس آر نائک کو مقرر کرنے کی تجویز ترک کردی۔ بتایاجاتا ہے کہ لوک آیوکتہ کی جو سابقہ ساکھ تھی اسے بحال کرنے کیلئے حکومت نے کسی سخت اور دیانتدار جج کو اس عہدہ پر مقرر کرنے کے سلسلے میں کافی سنجیدگی سے غور کیا۔ چند برس پہلے کرناٹک لوک آیوکتہ کے نام سے ملک بھر کے رشوت خور عناصر کانپتے تھے، لیکن جسٹس بھاسکر راؤ کے آنے کے بعد لوک آیوکتہ کی شبہیہ کو جو نقصان پہنچا اس کو بحال کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے چند سخت اقدامات کی توقع کی جارہی تھی۔ لوک آیوکتہ کے انتخاب کے سلسلے میں 9 جنوری کو حکمنامہ جاری کرنے سے پہلے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیاگیا ہے، جس میں وزیر اعلیٰ سدرامیا، ریاستی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس کے مکھرجی، دونوں ایوانوں کے صدر نشین کے بی کولیواڈ اور ڈی ایچ شنکر مورتی، اپوزیشن لیڈران جگدیش شٹر اور ایشورپا، حکمران پارٹیوں کے لیڈران سدرامیا اور پرمیشور، وزیر قانون ٹی بی جئے چندرا اور دیگر موجود رہیں گے۔میٹنگ میں جسٹس وشواناتھ شٹی کو لوک آیوکتہ مقررکرنے کے سلسلے میں اتفاق رائے سے فیصلہ لیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ تقریباً تمام سیاسی پارٹیوں نے جسٹس وشواناتھ شٹی کے نام پر اتفاق کیاہے۔ 9 جنوری کی میٹنگ کو محض رسمی قرار دیا جارہا ہے، اور یہ بھی بتایاجارہا ہے کہ جسٹس وشواناتھ شٹی کے نام کو گورنر کی طرف سے بھی بلاتاخیر منظوری مل سکتی ہے۔


Share: