ممبئی، 22؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جسٹس منجولا چیلور نے آج ممبئی ہائی کورٹ کی چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔وہ ممبئی ہائی کورٹ کی چیف جسٹس کے عہدے پر پہنچنے والی دوسری خاتون ہیں۔کلکتہ ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس چیلور کا ممبئی ہائی کورٹ میں تبادلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے جسٹس ڈی ایچ وا گھیلا کی جگہ لی ہے جو 10؍اگست کو ممبئی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں ، واگھیلا 6 ؍ماہ تک اس عہدے پر فائزرہے تھے ۔مہاراشٹر کے گورنر سی ودیا ساگر راؤ نے یہاں گورنرہاؤس میں ایک سادہ سی تقریب میں جسٹس چیلور کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلایا ۔جسٹس چیلور جسٹس سجاتا منوہر کے بعد ممبئی ہائی کورٹ کی دوسری خاتون چیف جسٹس بنی ہیں۔جسٹس منوہر 1994میں اس عدالت میں چیف جسٹس کے عہدہ پر فائز تھیں۔گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق حلف برداری کی تقریب میں گورنر کی بیوی سی ونودا، مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس، ریاستی وزیر ونود تاوڑے، چند رکانت پاٹل، رام شندے، جے کمار راول اور مہادیو جان کر، وزیر مملکت دیپک کیسرکر، بمبئی ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس وجیا کاپسے تاہل ر مانی، ہائی کورٹ کے دیگر جج، سینئر سرکاری افسران اور دیگر مدعو رکن موجود تھے۔کرناٹک میں 1955میں پیداہوئیں جسٹس چیلور نے قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد کرناٹک میں وکالت کرنے لگیں ، اس کے بعد وہ 1988میں ضلع جج کے عہدہ پرفائز ہوئیں ۔2000میں وہ کرناٹک ہائی کورٹ میں مستقل جج بنیں۔2012میں وہ کیرالہ ہائی کورٹ کی چیف جسٹس مقرر کی گئیں۔ 2014میں ان کا کلکتہ ہائی کورٹ میں تبادلہ کر دیا گیا تھا۔وہ 2017میں ریٹائرڈ ہوں گی۔