انقرہ،8؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ جرمنی انسانی حقوق اور جمہوریت کے معاملات پر لیکچر دینا بند کرے۔ یہ بات انہوں نے جرمنی کے بندرگاہی شہر ہیمبرگ میں گزشتہ شام اپنے ایک خطاب میں کہی۔ترک وزیر خارجہ نے ہیمبرگ میں موجود ترک قونصل جنرل کے گھر کی بالکونی سے باہر جمع ہونے والے ترکی سے تعلق رکھنے والے باشندوں سے خطاب کیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس موقع پر جرمنی میں آباد قریب 250ترک باشندے وہاں جمع تھے جنہوں نے ترکی کے جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔ اپنے اس خطاب میں ترک وزیر خارجہ نے جرمنی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، برائے مہربانی انسانی حقوق اور جمہوریت کے معاملے پر ہمیں سبق نہ پڑھائیں۔ انہوں نے جرمنی کی طرف سے ترک وزراء کو جرمنی میں آباد ترک باشندوں کے اجتماعات سے خطاب کی اجازت نہ دینے کے معاملے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اے ایف پی کے مطابق جرمنی میں مقامی حکام نے ترک وزراء کے ایسی ریلیوں سے خطاب کی اجازت معطل کرنے کی زیادہ تر وجہ سکیورٹی تحفظات کو قرار دیا ہے۔ چاوش اولو نے اپنے خطاب میں کہا، ہم اپنے جرمن دوستوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ برائے مہربانی ایسے نا مناسب عمل ترک کر دیں۔ ترک وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا، جرمنی کو ہمارے انتخابات اور ریفرنڈم میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے۔