برلن،4؍مارچ(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)جرمن چانسلر انگیلا میرکل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے چودہ مارچ کو واشنگٹن کا دورہ کریں گی۔ میرکل اورٹرمپ کے اب تک کے تعلقات کے تناظر میں یہ پہلی ملاقات بہت اہمیت کی حامل ہے۔انگیلا میرکل کے امریکا کے دورے سے متعلق خبر ایک امریکی اہلکار نے آج بہ روز جمعہ جاری کی ہے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں عالمی اقتصادیات،باہمی تجارت، اسلامک اسٹیٹ کے خلاف لڑائی، مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور روس کے ساتھ تعلقات جیسے امورزیربحث آئیں گے۔ اس ملاقات کے فوری بعد ترقی یافتہ جی ٹوئنٹی ممالک کے وزرائے خزانہ کا ایک اجلاس جرمنی میں منعقد ہو گا، جس میں ٹرمپ کے جولائی میں جرمنی کے دورے کی تفصیلات بھی طے ہوں گی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اورجرمن چانسلر میرکل کے درمیان اب تک کے تعلقات کچھ ز?ادہ خوشگوار نہیں رہے۔ تجارت کے حوالے سے اختلافات،ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے سات ممالک کے مسلمان شہریوں کے امریکا سفر کرنے پر پابندی کے حوالے سے بحث و مباحثہ اور میڈیا کے بارے میں امریکی صدر کی رائے نے اِن تعلقات کو مزید خراب کیا ہے۔تاہم نئے امریکی صدر اور میرکل نے رواں برس جنوری میں ایک ٹیلیفون کال کے بعد نیٹو دفاعی اتحاد کی اہمیت اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مِل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تھا۔ لیکن کچھ ہی دن بعد میرکل نے سات مسلم اکثریت والے ممالک کے شہریوں کی امریکا آمد پر عارضی پابندی کے فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ میرکل نے ٹرمپ کی جانب سے میڈیا سے متعلق منفی تبصرے کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوالات پر ایک آزاد میڈیا کی اہمیت کو بارہا اجاگر کیا۔ یاد رہے کہ ٹرمپ کے پیش رو سابق امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ میرکل کے تعلقات بہت خوش گوار تھے۔