ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جرمن شہروں میں فوج کی تعیناتی کے لیے مشقیں جلد شروع ہوں گی

جرمن شہروں میں فوج کی تعیناتی کے لیے مشقیں جلد شروع ہوں گی

Sun, 21 Aug 2016 18:03:54    S.O. News Service

برلن 21اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جرمن حکام کے مطابق نومبر سے ان فوجی مشقوں کا آغاز ہو جائے گا جن کے تحت جرمن سکیورٹی فورسز کو ملک کے اندر ممکنہ دہشت گرادانہ کارروائیوں سے نمٹنے کی تربیت دی جائے گی۔ یہ جرمنی میں اپنی نوعیت کی پہلی مشقیں ہوں گی۔جرمنی کے وفاقی صوبوں کے وزرائے داخلہ کی کانفرنس کے سربراہ کلاؤس بُوئیاں نے ہفتے کے روز ایک اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں کہاکہ جرمن فوجیوں کی مشقوں کی توثیق اس ماہ کے آخر تک ہو جائے گی۔اس ضمن میں وہ کہتے ہیں، میں امید کرتا ہوں کہ وزیر دفاع اُرزُولا فان ڈیئر لاین اور وفاقی وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر اکتیس اگست تک اندرون ملک فوجی تعیناتی کے لیے دی جانے والی اس تربیت کی منظوری دے دیں گے۔کلاؤس بُوئیاں نے اس انٹرویو میں مزید کہا، مشقوں اور تربیت کا آغازنومبر میں ہو سکتا ہے۔ ان مشقوں کا مقصد ملک کے اندر سلامتی کی صورت حال کو بہتر بنانا ہے۔جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ جرمنی میں مقیم پناہ گزینوں کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ میرکل کے مطابق ملک میں ایسے اسلام کی کبھی کوئی گنجائش نہیں تھی جو ملکی آئین کی پاسداری اور احترام نہ کرتا ہو۔ابھی تک پولیس اور فوج کی مشقیں صرف زارلینڈ، باڈن ورٹمبرگ اور سیکسنی انہالٹ کی وفاقی ریاستوں کے لیے طے کی گئی ہیں تاہم مستقبل میں ان کا دائرہ دیگر صوبوں تک بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔بُوئیاں کا تعلق جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی حکمران جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین سے ہے۔ ان کا خیال ہے کہ مشقیں ملک کی تقریباً تمام وفاقی ریاستوں میں کی جائیں گی۔وہ ریاستیں بھی جہاں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی حکومت ہے، فوجی مشقوں کی حمایت پر آمادہ ہوتی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل سوشل ڈیموکریٹس نے جرمن افواج کی اندرون ملک تعیناتی کے لیے آئینی تبدیلیوں کی مخالفت کی تھی۔بُوئیاں کہتے ہیں، میں دیکھ رہا ہوں کہ ایس پی ڈی کی حکومتوں والی وفاقی ریاستیں بھی دہشت گردی کے سدباب کے لیے پولیس اور فوج کے تعاون پر قائل ہوتی جا رہی ہیں۔لوئر سیکسنی کے ایس پی ڈی سے تعلق رکھنے والے وزیر داخلہ بورس پسٹوریئس نے کلاؤس بُوئیاں کو ایک خط میں مشورہ دیا ہے کہ جرمنی کے تمام سولہ وفاقی صوبوں میں پولیس اور فوج کی مشقوں کا انعقاد ایک ہی وقت پر ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ جرمن آئین نازی دور میں فوج کے غلط استعمال کی وجہ سے صرف غیر معمولی صورت حال ہی میں فوج کی اندرون ملک تعیناتی کی اجازت دیتاہے۔حالیہ کچھ عرصے میں یورپی ملک فرانس اور بیلجیم کے علاوہ جرمنی میں بھی دہشت گردی کی متعدد وارداتوں کے بعدیہ عوامی مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے کہ اندرون ملک سلامتی کی صورت حال کو بہتر بنایا جائے۔ تاہم بہت سے حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا یہ بھی خیال ہے کہ فوج کی اندرون ملک موجودگی سے سماجی آزادی پر برا اثر پڑ سکتا ہے۔


Share: