ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / تاج محل میں سیاحوں کے داخلہ کو محدودکرنے کا امکان ، اے ایس آئی کو رپورٹ کا انتظار

تاج محل میں سیاحوں کے داخلہ کو محدودکرنے کا امکان ، اے ایس آئی کو رپورٹ کا انتظار

Sun, 28 Aug 2016 18:28:53    S.O. News Service

نئی دہلی، 28؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)تاج محل میں سیاحوں کا داخلہ محدود ہو سکتا ہے کیونکہ حکومت 17ویں صدی کی اس مغلیہ یادگار اور عالمی ثقافتی ورثہ کے لیے ایک جامع تحفظ اور بھیڑ انتظام منصوبے پر غور کر رہی ہے۔آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کے اعلی حکام نے کہا کہ تاج محل کے احاطے میں سیاحوں کے داخلے کو محدود کرنے کے بارے میں فیصلہ قومی ماحولیاتی انجینئرنگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (نیر)کی طرف سے کئے جا رہے سروے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مشہور یادگار کی حفاظت کے لیے اے ایس آئی کچھ مخصوص اقدامات کرے گی۔غورطلب ہے کہ روزانہ سیاحوں کی ایک بڑی تعداد تاج محل کا دیدار کرنے پہنچتی ہے ۔ایسا سمجھا جاتا ہے کہ جن تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے، ان میں تاج محل کے دیدار کے لیے فی الحال مقرر وقت میں کمی کئے جانے کی تجویز بھی شامل ہے۔اے ایس آئی نے ناگپور میں واقعہ انسٹی ٹیوٹ کو تاج محل پر سیاحوں کی سرگرمیوں کے اثرات اور ماحولیاتی اثرات کے سروے کی ذمہ داری سونپی ہے۔اے ایس آئی کے ایک سینئر افسر نے میڈیا کو بتایا کہ نیر سروے پہلی بار ہمیں تاج محل میں سیاحوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد پر رپورٹ دے گا۔آخری رپورٹ ملنے پر ہم اس کا تجزیہ کریں گے اور اس کے بعد ہم اس مغلیہ یادگار کے لیے سیاحوں کی ممکنہ تعداد پر فیصلہ کرنے کے سلسلہ میں غوروخوض کریں گے۔ادارے کے ڈائریکٹر جنرل راکیش تیواری نے کہا کہ اے ایس آئی کا منصوبہ مجموعی تحفظ اور بھیڑ مینجمنٹ کا ہے۔


Share: