ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بے روزگاری کے مسئلہ کو سلجھانے فروغ ہنر مراکز کا قیام: سدرامیا

بے روزگاری کے مسئلہ کو سلجھانے فروغ ہنر مراکز کا قیام: سدرامیا

Thu, 23 Mar 2017 23:08:48    S.O. News Service

بنگلورو:23/مارچ(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ دیہی علاقوں میں بے روزگار نوجوانوں کے مسائل کو سلجھانے کیلئے انہیں فروغ ہنر کی تربیت دینے خصوصی مراکز قائم کرکے پانچ لاکھ سے زائد افراد کو ہنر مندی کی تربیت سے آراستہ کیا جائے گا۔ ایوان بالا میں وقفہئ سوالات کے دوران کانگریس کے کے سی کونڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ اس بات سے انکار نہیں کہ ریاست میں بے روزگاری کا مسئلہ ہے۔دستیاب معلومات کے مطابق بے روزگاری کے مسئلے کو سلجھانے کیلئے بے روزگاروں کو فروغ ہنر کی تربیت فور ی طور پر دینے کی ضرورت ہے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے اسی مقصد کے تحت وروتی کوشلیااسکیم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ زراعت، باغبانی، مویشی پالن اور دیگر اہم شعبوں میں خود روزگار کی تربیت سے آراستہ کیا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ حیدرآباد۔کرناٹک کے علاقوں میں ترقی کے ثمرات کے حصول میں مساوات قائم کرنے کی حتی الامکان کوشش کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ایک مضبوط معاشی نظام کے ذریعہ حیدرآباد۔کرناٹک کے مسائل کو سلجھایا جاسکتا ہے۔اسی مقصد کو مدنظر رکھ کر حکومت نے بجٹ میں 15 سو کروڑ روپیوں کی رقم مہیا کرائی ہے۔ کانگریس حکومت کے آنے کے بعد حیدرآباد۔ کرناٹک کی ترقی کی جانب خصوصی توجہ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے بی جے پی کے امرناتھ شٹی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ دفعہ 371Jکے تحت حیدرآباد کرناٹک کو 6/ ہزار میڈیکل اور ڈینٹل سیٹیں افزود دی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کانگریس حکومت کے اقتدار پر آنے کے بعد سے اس علاقہ کی ترقی کیلئے ساڑھے چار ہزار کروڑ روپیوں کی رقم مہیا کرائی گئی ہے۔اس علاقہ کی ترقی برسوں سے مفلوج تھی، موجودہ حکومت نے اس عمل کو فعال کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشی اصلاعات اور نج کاری کے ذریعہ جو ماحول قائم ہوا ہے اس کی وجہ سے عوامی شعبوں میں روزگار کے مواقع گھٹتے گئے ہیں، اسی لئے ریاستی حکومت کو فروغ ہنر کے طریقوں کو اپنا کر بے روزگار ی سے نمٹنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد۔کرناٹک میں آنے والے چھ اضلاع میں 5371گریجویٹس کو خود روزگار کی تربیت سے آراستہ کیا گیا ہے۔دیہی علاقوں میں بے روزگاری کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے حکومت نے فروغ ہنر مراکز قائم کرنے کے ذریعہ پانچ لاکھ افراد کو مختلف ہنروں میں مہارت دلائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں فروغ ہنر عصر حاضر کی ایک بہت بڑی ضرورت بن کر ابھر رہی ہے۔
آئی ٹی آئز کی منظوری ردہوگی:
وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اس موقع پر بسوراج پاٹل اٹگی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایاکہ آئی ٹی آئی کالج قائم کرنے کیلئے حکومت سے اجازت لینے کے بعد اگر مناسب انفرااسٹرکچر فراہم کرکے نہیں چلایا جارہا ہے تو حکومت ایسے آئی ٹی آئز کو دی گئی منظوری منسوخ کردے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امسال آئی ٹی آئز کو بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کیلئے بجٹ میں 228کروڑ روپے مہیا کرائے گئے ہیں، اس رقم کا استعمال کرکے آلات کی خریداری، عمارت کی تعمیر اور عملے کی بھرتی کی جاسکتی ہے۔ جن تعلقہ جات میں آئی ٹی آئی نہ ہو وہاں نئی آئی ٹی آئی قائم کرنے کیلئے اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس محکمہ کیلئے مجموعی طور پر 1332کروڑ روپیوں کا بجٹ مہیا کرایا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ ریاست بھر میں آئی ٹی آئز کی منظوری کیلئے حکومت کی طرف سے چند شرائط وضع کی گئی ہیں، جن کی تکمیل کے بعد ہی آئی ٹی آئی کو منظوری دی جاتی ہے، اس میں تھوڑی سی بھی پامالی پر منظوری منسوخ کردی جائے گی۔


Share: