نئی دہلی، 12؍نومبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سنیچر کو اپنے نوٹوں کو تبدیل کرنے کے لیے لوگوں کی لائن بینکوں اور اے ٹی ایم کے باہر پہلے سے بھی زیادہ لمبی لمبی دیکھنے کو مل رہی ہے۔بڑی تعداد میں لوگوں کے آنے سے زیادہ تر مقامات پر اے ٹی ایم سے پیسے بھی ختم ہو گئے ہیں ۔واضح رہے کہ حکومت نے 500اور 1000کے پرانے نوٹوں کے چلن کو بند کر دیا ہے ، ایسے میں لوگ نوٹ تبدیل کرنے اور نقد لینے کے لیے بینکوں اور اے ٹی ایم کے باہر لمبی لمبی لائنوں میں دکھائی دے رہے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے 500اور 1000کے پرانے نوٹوں کو چلن سے باہر کئے جانے کے اعلان کے چار دن بعد کھلے کئی اے ٹی ایم میں سے لوگوں کی بھیڑ کی وجہ سے پیسے ہی ختم ہو گئے ہیں ۔بینکوں کی شاخوں کے باہر لائن میں خواتین اور عمر رسیدہ لوگوں کی بھی کافی تعداد ہے جو اپنے روزمرہ کے اخراجات کے لیے پیسے نکالنے کے لیے لائن میں لگے ہوئے ہیں۔بینکوں کے مطابق اس صورت حال کے عام ہونے میں ابھی اور وقت لگے گا۔اس میں آٹھ سے دس دن بھی لگ سکتے ہیں۔