امپھال: 12/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے جنرل سکریٹری رام مادھو نے کہا ہے کہ پارٹی منی پور میں حکومت کی تشکیل کے لیے ضروری تعداد کے لیے حمایت حاصل کرلے گی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو پہلے ہی کچھ حمایت ملی ہے اور منی پور میں حکومت کی تشکیل کے لیے مطلوبہ تعداد حاصل کرنے کے لیے دوسروں کا بھی تعاون ملنے کی امید ہے۔مادھو نے کہا کہ انتخابات کے نتائج کانگریس اور ابیوبی سنگھ حکومت کے خلاف واضح مینڈیٹ ہے۔منی پور اور گزشتہ سال آسام میں بی جے پی کی شاندار کارکردگی میں اہم کردار ادا کرنے والے بی جے پی کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ ووٹ حاصل کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کی عوام کے تئیں ایک ذمہ داری ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ شمال مشرقی ریاست میں حکومت کی تشکیل میں بی جے پی کی مدد کے لیے سبھی منتخب نمائندے ساتھ آئیں گے اور اس کی حمایت کریں گے۔غورطلب ہے کہ منی پور میں اسمبلی انتخابات کے نتیجے میں منتشر مینڈیٹ آیا ہے، جہاں حکمران کانگریس کو ریاست کی 60سیٹوں میں سے 28سیٹیں ملیں ہیں، وہیں بی جے پی کے کھاتے میں 21سیٹیں گئی ہیں۔ناگا پیپلز فرنٹ(این پی ایف)اور ناگا پیپلز پارٹی (این پی پی)کو 4-4 سیٹیں ملی ہیں۔لوک جن شکتی پارٹی، ترنمول کانگریس کو 1-1 سیٹ ملی ہے جبکہ ایک سیٹ پر آزاد امیدوار کامیاب رہا ہے۔2012کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 42سیٹیں جیتی تھیں، دوسری طرف موجودہ ایوان میں بی جے پی کے ایک بھی رکن نہیں ہیں۔