کاروار:21/مئی (ایس او نیوز) بی جے پی کے خلاف کانگریس کے ایک جاری کردہ ٹیپ سے کانگریس کی ٹکٹ پر جیت درج کرنے والے یلاپور کے رکن اسمبلی شیورام ہیبر نے پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ٹیپ کو جعلی قرار دیاہے۔ اور اس بات کو غلط قرار دیا ہے کہ بی جے پی کی طرف سے انہیں رقم کی پیشکش کی گئی تھی اور وزارتی عہدہ دینے کا بھی ان سے وعدہ کیاتھا بشرطیکہ وہ اسمبلی میں اکثریت کی آزمائش کے دوران اپنی پارٹی کی ہدایت کے برعکس رائے دیں۔کانگریس نے تین آڈیوٹیپ جاری کئے تھے تاکہ ایوان میں اکثریت ثابتکرنے کے موقع پر ان کی نمائش کی جائے اور دعویٰ کیاتھا کہ بی جے پی قائدین پارٹی اراکان اسمبلی کا شکار کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ بی ایس ایڈی یورپا حکومت کو بچانے کے لیے انہیں رشوت دینے کی کوشش کی جارہی تھی۔ ان میں سے ایک ویڈیو ٹیپ جو مبینہ طورپر پارٹی نے جاری کیاہے ہیبر کی بیوی اور بی جے پی قائدین کے درمیان بات چیت پر مشتمل ہے۔ مبینہ طورپر بی جے پی قائدین نے رقم اور وزارتی عہدے کی پیشکش کی تھی تاکہ وہ بی جے پی کی تائید میں رائے دیں۔ تاہم کنٹر زبان میں فیس بک پر شائع شدہ ایک پیغام میں ہیبر نے آج آڈیو جھلکیوں کی صداقت پر اعتراض کیاہے اور کہا کہ اس کی بیوی نے ایسا کوئی ٹیلیفون کال وصول نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ میری بیوی کی آواز نہیں ہے۔ اسے ایسے کوئی ٹیلی فون کال وصول نہیں ہوئے تھے۔آڈیوٹیپ جعلی ہے میں ا سکی مذمت کرتاہوں۔ انہوں نے فیس بک کے صفحہ پر اپنا یہ بیان شائع کیا۔ کرناٹک انتخابات کے نتیجہ میں ایک معلق اسمبلی وجود میں آئی تھی اور بی جے پی واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری تھی لیکن اس کو قطعی سادہ اکثریت کے لیے آٹھ نشستوں کی کمی تھی۔ گورنر وجوبھائی والا نے بی جے پی کو مدعو کیاتھا کہ حکومت تشکیل دیں اور ایڈی یورپا بحیثیت چیف منسٹر حلف اٹھائیں۔ جب ایوان میں اکثریت کی آزمائش کا وقت آپہنچا تو کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی خرید و فروخت میں ملوث ہورہی ہے، اور اس نے اپنے الزامات کی تائید میں آڈیو ٹیپس جاری کئے تھے۔ جس آڈیو ٹیپ کا ذکر کیاگیاہے، بی ایس ایڈی یورپا کے بیٹے وجیندر اور ان کے قریبی ساتھی بی جے پتو سوامی کو مبینہ طورپر ہیبر کی بیوی سے بات چیت کرتے ہوئے سنا جاسکتاہے۔ انہوں نے رقم اور وزارتی عہدے کی اس کے شوہر کے لیے پیشکش کی تھی، بشرطیکہ وہ طاقت کی آزمائش کے دوران بی جے پی کی تائید میں ووٹ دیں۔ وجیندر اور پتو سوامی بھی اس آڈیو ٹیپ کو سن چکے ہیں جس میں مبینہ طورپر پارٹی کی ہدایت کے برعکس رائے دینے کے لیے پانچ کروڑ روپئے پیش کئے گئے تھے۔ علاوہ ازیں کابینی درجہ کا عہدہ بھی پیش کیاگیا تھا،پتو سوامی نے مبینہ طورپر کہاتھا کہ اس کی بیوی اور بیٹے کے خلاف تمام مقدمات سے دستبرداری اختیار کرلی جائے گی۔ ہیبر کے بیٹے کو مبینہ طورپر کان کنی اسکام میں ملوث ہونے کے مقدمہ کا سامنا ہے۔ یہ احساس ہوتے ہی کہ انہیں درکار تعدادحاصل نہیں ہے ایڈی یورپا نے 19مئی کو چیف منسٹر کے عہدے سے اکثریت کی آزمائش سے قبل استعفیٰ پیش کردیاتھا۔