نئی دہلی، 5 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بی جے پی کے صدر امت شاہ نے 27؍اگست کو بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزراء اعلیٰ کی اور 23؍اگست کو تمام ریاستوں کے تنظیمی کور گروپوں کی میٹنگ بلائی ہے۔ان میٹنگوں میں حکومت اور پارٹی کے درمیان بہتر تال میل ،غریبوں کی فلاح وبہبود کے لیے کئے جانے والے اقدامات کو بڑھاوا دئیے جانے اور ڈیجیٹل میڈیا کے استعمال کو فروغ دینے جیسے مسائل پر بحث ہو سکتی ہے۔شاہ کی جانب سے ایک کے بعد ایک میٹنگ کرنے کا یہ فیصلہ راجیہ سبھا میں جی ایس ٹی بل منظور ہو جانے کے پس منظر میں آیا ہے۔اس بل کے اگلے ہفتے لوک سبھا میں منظور ہونے کی امید ہے۔حالانکہ پارٹی ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ ان میٹنگوں کی وجہ جی ایس ٹی بل نہیں ہے کیونکہ یہ مرکز اور ریاستوں کے درمیان کا معاملہ ہے۔شاہ کے ایجنڈے میں تنظیمی امور سب سے اوپر رہیں گے۔ذرائع نے کہا کہ ایجنڈے میں اہم مسائل میں حکومت اور پارٹی کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا، مودی حکومت کی غریب پرور اور کمزور طبقات کی فلاح وبہبود کے پیش نظر کئے گئے اقدامات کوبڑھاوا دینا اور پارٹی اور حکومت کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کے استعمال کو بڑھانا شامل ہے۔ذرائع نے کہا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ کا مسئلہ بات چیت میں شامل ہو سکتا ہے کیونکہ شاہ کا ماننا ہے کہ پارلیمنٹ میں اس کامنظورہو جاناایک اہم کامیابی ہو گی اور پارٹی اپنی حکمرانی والی ریاستوں کی حکومتوں کو اسے کامیاب بنانے کے لیے اپنی طرف سے بہترین کوشش کرنی چاہیے ۔پارٹی صدر الہ آباد میں پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کے نفاذ کا بھی جائزہ لیں گے، جن ریاستوں میں پارٹی روایتی طور پر کمزور ہے، ان میں پارٹی کی بنیاد کو توسیع دینے کے لیے تنظیم کی جانب سے کی جارہی کوششوں کا بھی وہ جائزہ لیں گے۔