ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بی بی ایم پی کے پراجکٹوں کو بروقت مکمل کرنے جارج کی ہدایت

بی بی ایم پی کے پراجکٹوں کو بروقت مکمل کرنے جارج کی ہدایت

Tue, 11 Apr 2017 00:56:31    S.O. News Service

بنگلورو:10/اپریل(ایس او نیوز) وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے برہت بنگلور مہانگر پالیکے، بی ڈی اے اور دیگر بنگلور کی ترقیاتی تنظیموں سے وابستہ افسران اور انجینئروں کو سخت ہدایت جاری کی ہے کہ شہر بنگلور میں گزشتہ ایک سال کے دوران جن جن ترقیاتی منصوبوں کو شروع کیا گیاہے، وقت مقررہ پر ان کو مکمل کرلیا جائے۔ آج صبح چھ بجے سے گیارہ بجے تک میئر پدماوتی کے ہمراہ راجہ جی نگر، راجہ راجیشوری نگراور دیگر علاقوں میں جاری آٹھ سے زائد ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جارج نے جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں کسی بھی طرح کی تاخیر نہ ہونے پائے۔ غیر ضروری وجوہات کی بنیاد پر اگر ترقیاتی کاموں میں رخنہ اندازی ہوئی اورتاخیر کی گئی تو اس کیلئے افسران جوابدہ ہوں گے۔ اوکلی پورم سے ماگڑی روڈ تک سگنل فر ی جنکشن کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے جارج نے بتایاکہ اس کا ایک حصہ ستمبر تک عوام کیلئے کھول دیاجائے گا، جبکہ مکمل پراجکٹ رواں سال کے اواخر تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اورین مال کے قریب جاری انڈر پاس کے کاموں کا جائزہ لے کر وزیر موصوف نے اس پراجکٹ کی تکمیل میں تاخیرپر سخت برہمی ظاہر کی۔ اس پراجکٹ کے قریب ہی موجود سدبھاؤنا بلڈنگ کی زمین کو اکوائر کرنے میں رکاوٹوں کا تذکرہ کئے جانے پر وزیر موصوف نے کہاکہ جتنی بھی زمین لی جارہی ہے اس کے عوض ٹی ڈی آر الاٹ کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ڈی آر کی منظوری میں تاخیر قطعاً برتی نہ جائے۔ جارج نے کہاکہ مئی کے دوران اس انڈر پاس سے متصل سرویس روڈ کو عوام کیلئے کھول دینے کاانتظام کیا جائے۔ نگروتھانہ پراجکٹ کے تحت پینیا انڈسٹریل ایریا میں زیر تعمیر سرکاری ڈگری کالج کی عمارت کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر موصوف نے مقررہ مدت میں اس عمارت کو پورا کرنے کا حکم دیا، انہوں نے بتایاکہ راجیو گاندھی آشریہ یوجنا کے تحت اس علاقہ میں تین ہزار مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے، ان میں سے دوہزار مکانات تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں اور ان میں سے بھی 13سو مکانات اہل مستحقین میں تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ دسمبر 2017 تک تمام تین ہزار مکانات مکمل کرلئے جائیں گے۔ماگڑی روڈ ہاؤزنگ بورڈ کے قریب زیر تعمیر 250میٹر طویل انڈر پاس کے کام میں تاخیر کے متعلق مقامی لوگوں کی شکایت پر جارج نے افسران کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ لگیرے کے قریب زیر تعمیر پل کے کام کا بھی وزیر موصوف نے جائزہ لیا۔اس موقع پر اراکین اسمبلی سریش کمار، منی رتنا، بی بی ایم پی حکمران پارٹی لیڈر محمد رضوان نواب، جنتادل (ایس) لیڈر رمیلا اوما شنکر، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد وغیرہ موجود تھے۔


Share: