بنگلورو:31/مارچ(ایس او نیوز)انسداد کرپشن بیورو نے بدعنوان عناصر کے خلاف اپنی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے آج بی بی ایم پی کے ایک کارپوریٹر اور ایک اسسٹنٹ ایگزی کیٹیو انجینئر کو ایک کنٹراکٹر سے پندرہ لاکھ روپیوں کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ کارپوریٹر کی شناخت راجہ جی نگر وارڈ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس لیڈر کرشنا مورتی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ پوچھ تاچھ کے دوران کرشنا مورتی نے اے سی بی کو بتایا کہ دھننجیا نامی کنٹراکٹر سے پندرہ لاکھ روپیوں کی جو رقم لی گئی تھی اس میں سے وہ اپنے لئے دس لاکھ اور اسسٹنٹ ایگزی کیٹیو انجینئر کرشنا کو پانچ لاکھ روپے دینے والا تھا۔ اے سی بی نے ان دونوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اے سی بی کی طرف سے رشوت خوری کے خلاف اپنی مہم کے دوران پہلی بار کسی منتخب نمائندہ کو پکڑا گیا ہے۔ ساتھ ہی رشوت کے طورپر بیک وقت پندرہ لاکھ روپیوں کی رقم لیتے ہوئے بھی پہلی بار پکڑا گیا ہے۔ راجہ جی نگر دفتر آر ٹی او کی تجدید کے کاموں کیلئے تین کروڑ روپیوں کا ٹنڈر دیڑھ سال قبل دھننجیا نے حاصل کیا تھا، کام مکمل ہوئے دیڑھ سال کا عرصہ ہوچکا ہے، لیکن اب تک اس کی بل ادا نہیں کی گئی تھی، بل کی ادائیگی کیلئے دھننجیا نائیڈو نے بارہا بی بی ایم پی کے چکر کاٹے اور افسران سے بل جاری کرنے کی گذارش کی، سیاسی دباؤ ڈالنے کیلئے اس نے وارڈ نمبر 99 راجہ جی نگر کے کارپوریٹر کرشنا مورتی سے رجوع کیا، بل کی ادائیگی کیلئے کرشنا مورتی نے 30لاکھ روپیوں کا مطالبہ کیا اور یقین دلایا کہ رقم ادا کرتے ہی چند ہی دنوں میں بل منظور کرادی جائے گی۔ باضابطہ اپنی رقم سے راجہ جی نگر آر ٹی او کاکام کرنے والے کنٹراکٹرنے جب کرشنا مورتی کے مطالبہ کو سنا تو رقم ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی، لیکن اس کی شکایت اے سی بی افسران سے کی، اے سی بی کے طے شدہ پروگرام کے مطابق آج صبح دس بجے دھننجیا کروبرا ہلی میں واقع کرشنا مورتی کے گھر پہنچا اور بل کی ادائیگی کا مطالبہ رکھااور مطالبے کے مطابق 30لاکھ میں سے پندرہ لاکھ روپے ابھی ادا کرنے کی پیش کش تھی، جیسے ہی کرشنا مورتی نے رقم لی اے سی بی کے ایس پی گریش اور ماتحتوں نے کرشنا مورتی اور اسسٹنٹ ایگزی کیٹیو انجینئر کرشنا کو گرفتار کرلیا۔ فوری طور پر ان دونوں سے پوچھ تاچھ کی گئی اور کرشنا مورتی کی غیر قانونی جائیدادوں کے متعلق بھی اے سی بی نے تفصیلات یکجا کرلی ہیں، انسپکٹر جنرل آف پولیس اے سی بی شرد چندرا نے یہ بات بتائی۔ بتایا جاتاہے کہ کرشنا مورتی وزیراعلیٰ سدرامیا کے اقرباء میں شمار کیا جاتاہے اور راجہ جی نگر میں برسوں سے متحرک کانگریسی رہا ہے، گزشتہ بی بی ایم پی انتخابات میں وہ راجہ جی نگر وارڈ سے منتخب ہوا تھا۔