لکھنؤ، 22؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بی ایس پی سربراہ مایاوتی کے خلاف نازیبا تبصرہ کرنے کے بعد پارٹی سے نکالے گئے بی جے پی کے سابق لیڈر دیاشنکر سنگھ کی بیوی سواتی سنگھ نے جوابی حملے میں ان کے اور ان کے اہل خانہ کے خلاف نازیبا تبصرہ کرنے کے الزام میں بی ایس پی کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی بات کہی ہے۔سواتی نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ بی ایس پی کے مظاہرے میں ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف بی ایس پی کارکنوں اور لیڈروں نے جس طرح کی زبان کا استعمال کیا، اس سے میری 12سالہ بیٹی صدمے میں ہے۔میں مایاوتی اور بی ایس پی کے دیگر لیڈروں کے خلاف ایف آئی آر درج کراؤں گی اور قانونی جنگ لڑ وں گی۔انہوں نے کہاکہ میرے شوہر سیاست میں ہیں، مگر ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ان کی گرفتاری کے مطالبہ کو لے کر کل بی ایس پی کے احتجاج میں جس طرح کی زبان کا استعمال کیا گیا، کیا وہ قابل اعتراض اور نازیبا نہیں ہے۔یہ کہتے ہوئے کہ ان کے خاندان کو بے وجہ اس تنازعہ میں گھسیٹا جا رہا ہے، سواتی نے کہاکہ مایاوتی نسیم الدین صدیقی کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہی ہیں ؟انہیں پارٹی سے کیوں نہیں نکالا گیا، میں نہیں جانتی کہ بی ایس پی کے احتجاج میں جو کچھ کہا گیا اس سے میری 80سالہ ساس کی کیا حالت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پورے ملک نے دیکھا کہ کل بی ایس پی لیڈروں اور کارکنوں نے کس زبان کا استعمال کیا، کیا یہ عورتوں کے وقار کے خلاف نہیں ہے۔