پٹنہ، 16جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار کے دارالحکومت میں اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائک اور آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی کی حمایت میں نکالی گئی ریلی میں قابل اعتراض نعرے لگانے کے الزام میں اگلے دن ہفتہ کو ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔پٹنہ کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ منو مہاراج نے ہفتہ کو بتایا کہ ریلی میں قابل اعتراض نعرے لگانے والے محمد توفیق حسین کوعالم گنج علاقے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق توفیق کو پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے متھلانچل ژون سیکریٹری بتایا جا رہا ہے. وہ بنیادی طور سے مدھوبنی کا رہنے والا ہے۔ریلی جمعہ کی دوپہر پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے زیراہتمام پٹنہ سائنس کالج سے کارگل چوک تک نکالی گئی تھی۔ضلع انتظامیہ نے ریلی کی ویڈیو ریکارڈنگ کرائی تھی،ریلی میں قابل اعتراض نعرے لگائے جانے کی بات سامنے آنے کے بعد سٹی مجسٹریٹ کے بیان پر پیربہور تھانے میں جمعہ دیر رات ایک ایف آئی آردرج کی گئی۔
پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ویڈیو فوٹیج کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ قابل اعتراض نعرے لگانے والوں میں کوئی اور تو شامل نہیں تھا۔نعرے لگانے والے دوسرے دیگر لوگوں پر بھی کارروائی کی جائے گی۔