جموں ، 3 ؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ اوراسٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے ایکزیکیوٹیو چیرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے آج ہندوستان کے صدر پرنب مکھرجی سے جموں وکشمیر کے گورنر کو جموں وکشمیر آئین کے سیکشن 92کے تحت ریاست میں گورنر راج لگانے کی ہدایت دینے کی اپیل کی کیونکہ ریاست کی موجودہ حکومت صورتحال کو قابو کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے صدر سے کہا کہ دفعہ ۔ 370انہیں آئینی طاقت فراہم کرتی ہے کہ وہ ریاست کی موجودہ صورتحال کو قابو کرنے کے لئے مداخلت کریں جس سے ریاست کی سلامتی، سیکورٹی اور خودمختاری کو بچایا جاسکے جسے ریاست کی غیرمعمولی صورتحال سے خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست کی وزیراعلی خود اس بات کا اعتراف کرچکی ہیں کہ ریاست کی موجودہ صورتحال حکومت کے قابو سے باہر ہوچکی ہے اور ان کی جنگجوؤں اور بدامنی پھیلانے والے عناصر سے ریاست میں امن کی بحالی میں تعاون کرنے کی اپیل اس بات کا ثبوت ہے۔موجودہ حکومت کا انتظامیہ پر کنٹرول نہیں ہے اور ریاست میں افراتفری کاماحول ہے ۔ انہوں نے صد ر سے اپیل کی کہ وہ دفعہ۔ 370کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے گورنر کوہدایت دیں کہ وہ جموں وکشمیر آئین کے سیکشن 92کے تحت ریاست میں گورنر راج نافذ کردیں تاکہ جموں وکشمیر کے عوام کو افراتفری اور لاقانونیت سے بچایا جاسکے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر آج دوپہر بعد پارٹی کارکنوں کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سارک یٹنگ میں شرکت کرنے کے لئے پاکستان جانے والے ہندوستان کے وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کو امن اور بھائی چارہ کے پیغام کے ساتھ باہمت پاکستان دورہ کے لئے مبارکباد دی۔