نئی دہلی: یکم/ مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یوگی آدتیہ ناتھ نے ہندو یواواہنی کے کارکنوں کو سخت پیغام دیا ہے۔گورکھ ناتھ مندر میں ہندو یوا واہنی کے کارکنوں اور نمائندوں سے ملاقات کرتے وقت یوگی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا،کہ بھگوار نگ شرافت کی علامت ہے، ہمیں یہ شرافت برقرار رکھنی ہوگی، بھگوارنگ کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔غور طلب ہے کہ اس سے قبل اتر پردیش کی حکومت کے وزراء کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سیاست کابنیادی اصول بتا چکے ہیں، اتوار کو باری تھی ہندو یوا واہنی کی۔ریاست میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالتے ہی یوگی آدتیہ ناتھ کو بھگوا بریگیڈ کے کارناموں پر میڈیا کے سوالات کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ ظاہر ہے آئے دن جس طرح بھگوا بریگیڈ شہ سرخیوں میں تھا، اسے دیکھتے ہوئے یوگی کو بھگوا رنگ سے فائدہ اٹھانے والوں کووارننگ دینی پڑی۔