بھٹکل28/ستمبر (ایس او نیوز) اللہ کا گھر دنیا کے تمام گھروں میں سب سےزیادہ افضل اور بابرکت ہے ۔کسی علاقہ میں اللہ کا گھر ہونا اس کے بابرکت ہونے کی دلیل ہے ،کیونکہ اس گھر کی وجہ سے اس علاقہ میں اللہ اپنی بے شمار نعمتوں کا نزو ل فرماتا ہے ۔اللہ تعالی مسجدوں کی تعمیر کرنے والوں کےلئے دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی اجرعظیم کی خوشخبری سنائی ہے۔ بھٹکل بندر روڈ (ففتھ کراس) پر نو تعمیر مسجد عبد اللہ النوحی کے افتتا ح کے موقع پر خطیب جامع مسجد مولانا عبد العلیم خطیب ندوی نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ا س موقع پر مولانا الیاس ندوی نے بھی مسجد کی تعمیر کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص اللہ کے لئے گھر تعمیر کرتا ہے اللہ اس کے بدلے میں اس کے لئے جنت میں ایک گھر تعمیر کرتے ہیں ۔انہوں نے تعمیر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیر سے صرف تعمیر کرکے چھوڑنا مراد نہیں ہے بلکہ اس کو مصلیوں سے آباد رکھنا بھی تعمیر کے ہی معنی میں آتا ہے ۔منافق اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کی تمام چیزوں کو کرنے کا ڈھونگ رچا سکتا ہے لیکن منافق کبھی مسجد کی تمیر میں حصہ نہیں لے سکتااسی لئے مسجد کی تعمیر کرنا اور اس کو آباد رکھنا آدمی کے صاحب ایمان ہونے کی دلیل ہے ۔