ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بھوک کے خاتمہ کے بغیر ملک کی ترقی کا خواب ادھورا:صدر ہند

بھوک کے خاتمہ کے بغیر ملک کی ترقی کا خواب ادھورا:صدر ہند

Fri, 30 Dec 2016 21:16:46    S.O. News Service

بنگلور:30/دسمبر(ایس او نیوز)بھوکوں کو جب تک پیٹ بھر کھانا نہیں ملتا اور سارا ملک بھوک سے آزاد نہیں ہوجاتا اس وقت تک ایک صحت مند اور ترقی یافتہ سماج کی تعمیر کا خواب شرمندہئ تعبیر نہیں ہوگا۔ یہ بات آج صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے کہی۔ شہر کے بسونگڈی نیشنل کالج گراؤنڈ میں ادمیا چیتنا سیوا اتسو اور شنکر کینسر فاونڈیشن اینڈ ریسرچ سنٹر واسپتال کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہاکہ ترقی یافتہ ملک اور صحت مند معاشرہ کا خواب دیکھنے والوں کو سب سے پہلے غربت کے خاتمہ پر توجہ دینی چاہئے۔تمام طبقات کی ہمہ رخی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی کا تصور بے سود ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ 20 سال قبل ڈنمارک کے کوپن ہیگن شہر میں سماجی چوٹی کانفرنس میں چند اہم قرار دادیں منظور کی گئیں، ان میں سب سے اہم یہ تھی کہ دنیا کو بھوک سے آزاد کرایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک آنے والی نسلوں کو بھوک سے آزاد صحت مند معاشرہ میں زندگی بسر کرنے کا ماحول مہیا نہیں کرایا جاتا،اس وقت تک محفوظ اور صحت مند زندگی انہیں نہیں دی جاسکتی۔ بھوک کے سبب دنیا بھر میں ہزاروں کی تعداد میں بچوں کی اموات ہورہی ہیں۔ملک میں بھی یہ صورتحال تشویشناک ہے۔ ضرورت ہے کہ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے مناسب قدم اٹھائے جائیں۔ صدر ہند نے کہاکہ یہ ملک بھی متعدد مسائل سے گھرا ہوا ہے۔ ضروری نہیں کہ ہر مسئلہ کا حلہ حکومت کے ذریعہ ہی ہو اور حکومت پر مکمل انحصار بھی درست نہیں۔عوام حکومت کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے ملک کے مسائل کی یکسوئی میں حکومت کا تعاون کریں۔ سماج سے عدم مساوات کو مٹانے کیلئے کی جارہی پہل میں اگر عوام کا تعاون شامل رہا تو ملک میں ترقی کی رفتار میں غیر معمولی تیزی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر سماج سے عدم مساوات کو مٹانے اور ہم خیال اداروں کو ایک ساتھ ہوکر کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ ادمیا چیتنا کی طرف سے اس شعبہ میں غیر معمولی خدمات انجام دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور سائنس، ٹیکنالوجی، تعلیم اور صحت کے شعبے میں ملک بھر میں ہی نہیں،بلکہ دنیا بھر میں غیر معمولی شہرت کا حامل بن چکا ہے۔شنکر کینسر اسپتال کی شروعات سے اس شہر کی مقبولیت میں اور بھی زیادہ اضافہ ہونے کی توقع ہے۔کینسر کے مرض کو ختم کرنے اور مریضوں کا موثر علاج کرنے کیلئے ریسرچ پر کروڑوں روپیوں کی رقم صرف کی جارہی ہے، لیکن بدقسمتی سے اب تک اس مرض کی دوا دریافت نہیں ہوپائی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر واجو بھائی والا نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں کینسر سے نمٹنے کیلئے موثر دوا کی ایجاد ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر دوسروں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنا انسانیت کا اعلیٰ ترین مقام ہے۔اس کام میں ہر ایک کو اپنی استطاعت کے مطابق حصہ لینا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ شعبہئ صحت میں ریاستی حکومت نے کئی فلاحی منصوبے اور سہولیات مہیا کرائی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے غریب عوام تک فلاحی اسکیموں کو پہنچانے کا جو طریقہئ کار اپنایا گیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سدرامیا، ادمیا چیتنا کے سربراہ مرکزی وزیر اننت کمار، ادمیا چیتنا کی صدر تیجسوینی اننت کمار، شنکر کینسر اسپتال کے چیرمین ڈاکٹر بی ایس شری ناتھ، صدر جمہوریہ کی دختر شرمیلا مکھرجی اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔


Share: