نئی دہلی، 7؍مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ٹیم انڈیا کو گھریلو میدانوں پر طویل عرصے سے مل رہی زبردست کامیابی میں آف اسپنر روی چندرن اشون کا اہم رول رہا ہے۔بھلے ہی وہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کو جیت تو نہیں دلا پائے، لیکن بنگلور میں انہوں نے کنگارؤوں کو اپنے ہنر کا نمونہ دکھایا اور آسٹریلیائی بلے باز ان کی گیندوں کے سامنے ناچتے نظر آئے۔بنگلور میں چھ وکٹ لے کر ٹیم انڈیا کو چوتھے ہی دن ہی جیت کا تحفہ دینے میں اہم کردار ادا کرنے والے اشون نے ایک اور کامیابی بھی اپنے نام کر لی ہے ۔انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم انڈیا کے سابق اسپنر بشن سنگھ بیدی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے خصوصی لسٹ میں پانچوا مقام حاصل کرلیا ہے ۔حیدرآباد میں بنگلہ دیش کے خلاف 250واں ٹیسٹ وکٹ لے کر عالمی ریکارڈ بنا چکے اشون ہر سیریز میں ایک نیا ریکارڈ بناتے جا رہے ہیں۔آر اشون نے آسٹریلیا کے خلاف بنگلور ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں مچل اسٹارک کا وکٹ لیتے ہی ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹ لینے کے معاملے میں سابق اسپنر بشن سنگھ بیدی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب وہ فہرست میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔واضح رہے کہ اشون کے 47ٹیسٹ میچوں میں 269وکٹ ہو گئے ہیں جبکہ بشن سنگھ بیدی نے 67ٹیسٹ میں 266وکٹ حاصل کیا تھا، اشون سے اوپر اب صرف انل کمبلے (619وکٹ، 132ٹیسٹ)، کپل دیو (434وکٹ 131ٹیسٹ)، ہربھجن سنگھ (417وکٹ، 131ٹیسٹ)اور ظہیر خان (311وکٹ، 92ٹیسٹ)ہیں۔روی چندرن اشون کو بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹیسٹ میں سب سے تیزی سے 250وکٹ لینے کا ورلڈ ریکارڈ توڑنے کے لیے دو وکٹوں کی ضرورت تھی ،بنگلہ دیش کی اننگ میں انہوں نے سب سے پہلے شکیب الحسن کو اپنا 249واں شکار بنایا، پھر 127رنوں پر کھیل رہے کپتان مشفق الرحیم کو 250واں شکار بنا کر آسٹریلیا کے ڈینس للی کا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔اگر سب سے تیزی سے 250وکٹ لینے والے ٹاپ 10گیند بازوں پر نظر ڈالی جائے ،تو اس میں تیز گیند بازوں کا دبدبہ ہے، اس فہرست میں محض دو اسپن گیندباز ہی شامل ہیں، پہلے ٹیم انڈیا کے آر اشون اور دوسرے سری لنکا کے عظیم اسپنر مرلی دھرن، باقی 8تیزگیندباز ہیں۔آر اشون گزشتہ کچھ وقت سے شاندار فارم میں چل رہے ہیں، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 5میچوں کی سیریز میں 28وکٹ اور نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز میں 27وکٹ لے کر سیریز دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اشون جس طرح گیندبازی کر رہے ہیں اسے دیکھ کر ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ اگر فٹ رہے تو کافی وکٹ لے سکتے ہیں۔بنگلہ دیش ٹیم کے بلے بازی کوچ اور سری لنکا ٹیم کے سابق بلے باز تلن سمرویرا نے مرلی دھرن اور ہندوستان کے آف اسپنر روی چندرن اشون کی گیندبازی کی مہارت کے درمیان کسی بھی طرح کے موازنہ سے انکار کرتے ہوئے حال ہی میں کہا تھا کہ مرلی دھرن اور اشون کے درمیان موازنہ نہیں کیا جا سکتا ہے، پھر بھی آر اشون فٹ رہتے ہوئے سات آٹھ سال اور کھیلتے رہے تو 800تک وکٹ لے سکتے ہیں۔