قاہرہ،10؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مصر کی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ شورش زدہ سینائی علاقے میں سڑک کنارے نصب بم کے پھٹنے سے کم از کم دو سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور دوسرا کیپٹن رینک کا افسر شامل ہیں۔ اس حادثے میں دیگر چار زخمی بتائے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق جزیر نما سینائی کے شمال میں واقع العریش کے مقام کے نواح میں نصب شدہ بم کو عسکریت پسندوں نے اڑایا تھا۔ بم سے جس فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، وہ معمول کی گشت پر مامور تھی۔ بم پھٹنے کے بعد عسکریت پسندوں پر کی گئی فائرنگ سے ایک مشتبہ شخص کو ہلاک بھی کر دیا گیا۔ حادثے کے مقام سے سکیورٹی اہلکاروں کو ایک بارودی جیکٹ بھی ملی ہے۔