ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / براڈوے روڈمیں امراض قلب کا اسپتال بہت جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے گا: روشن بیگ

براڈوے روڈمیں امراض قلب کا اسپتال بہت جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے گا: روشن بیگ

Thu, 09 Mar 2017 10:43:12    S.O. News Service

بنگلورو ،8؍مارچ (ایس او نیوز ) شہر کے تمیا روڈ پر واقع سرکاری لطیفیہ اردو اسکول کے احاطہ میں 20لاکھ روپیوں کی لاگت پر ترقیاتی کاموں کا آج وزیر برائے شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے سنگ بنیاد رکھا اور ساتھ ہی اپنے رکن اسمبلی ترقیاتی فنڈ کے ذریعہ اسکول کے احاطہ میں تعمیر شدہ تین نئے کلاس رومس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر جناب روشن بیگ نے لطیفیہ اسکول سے ہی متصل براڈوے روڈ پر زیر تعمیر نارائن ہردالیہ ، بی بی ایم پی امراض قلب اسپتال کی عمارت کے جلد مکمل ہونے کا یقین ظاہر کیا، اور کہا کہ امراض قلب شہر بنگلور کے آب وہوا کی وجہ سے جس تیزی سے پھیل رہاہے، اس وجہ سے شہر کے شمالی حصہ پر مشتمل اس علاقہ میں ایک بہترین قلبی اسپتال کی ضرورت کافی عرصہ سے محسوس کی جارہی تھی۔ خاص طور پر شیواجی نگر سے لے کر ہیگڈے نگر اور دیگر آس پاس کے علاقوں میں رہنے والے افراد کو اگر قلبی شکایت ہو تو انہیں بھاری قیمتیں وصول کرنے والی پرائیویٹ اسپتالوں کارخ کرنا پڑتا یا پھر شہر کے دوسرے کنارے پر موجود جئے دیوا یا نارائن ہردالیہ جیسی اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا۔سنگین صورتحال میں شہر کے اس کونے سے اس کونے تک جاتے جاتے مریضوں کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔ آئندہ اس طرح کی صورتحال پیدا نہ ہواور شہر کے اسی حصہ میں بہترین سہولیات سے لیس قلبی اسپتال کی سہولت مہیا کرائی جائے،اس مقصد سے انہوں نے دنیا کے مایہ ناز ماہرین قلبیات میں شمار کئے جانے والے نارائن ہردالیہ کے سربراہ ڈاکٹر دیوی شٹی سے رابطہ کیا اور ان سے گذارش کی کہ براڈوے روڈ پر بی بی ایم پی کی جگہ ، بی بی ایم پی کی ہی جانب سے ایک بہترین عمارت مہیا کرائی جائے گی وہ اس عمارت میں نارائن ہردالیہ کی ایک شاخ قائم کریں ، جس سے انہوں نے اتفاق کرلیا۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کی طرف سے 11.5کروڑ روپیوں کی لاگت پر یہ عمارت تکمیل کے مراحل کی طرف رواں دواں ہے۔ عمارت مکمل ہونے کے بعد نارائن ہردالیہ کی طرف سے امراض قلب کے علاج کیلئے 25 کروڑ روپیوں سے زیادہ کی مشینری اور آلات یہاں نصب کئے جائیں گے، اوراس علاقہ میں یہ ایک بہترین اسپتال بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ اتناہی نہیں بلکہ انہوں نے اپنے حلقہ میں آنے والی وی کے عبید اﷲ سرکاری اردو ہائرپرائمری اسکول کی تعمیر بھی کروائی ہے، ہندوستان میں ایک بہترین اردو اسکول کا تصور جس طرح کیا جاسکتاہے اس سے کئی قدم آگے جاکر وی کے عبید اﷲ اسکول کی عمارت تیار کی گئی ہے ۔ عنقریب اس عمارت میں کلاسوں کا اہتمام کردیا جائے گا اور شیواجی نگر وآس پاس کے بچوں کو بہترین ماحول میں تعلیم حاصل کرنے کی سہولت مہیا کرائی جائے گی۔ اگلے تعلیمی سال سے اس اسکول میں باضابطہ داخلے شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر مقامی لوگوں کو آ واز دی کہ آپسی بھائی چارگی اور رواداری کے ساتھ حلقہ کی ترقی کیلئے ان کی کوششوں میں ان کا ساتھ دیں۔ خاص طور پر اس حلقہ میں بسنے والے اقلیتوں ، پسماندہ طبقات اور دلتوں کے درمیان اگر بھائی چارہ رہا تو سماج کے یہ کمزور طبقات آنے والے دنوں میں ترقی کی منزلوں پر تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ریاستی وزیر اعلیٰ سدرامیا بھی ہمہ وقت اسی بات کیلئے کوشاں ہیں کہ سماج کے ان طبقات اقلیتوں ، پسماندہ طبقات اور دلتوں پر مشتمل اہندا کو اعتماد میں لے کر ریاست کو ترقی کی جانب آگے بڑھائیں۔ اس موقع پر مقامی کارپوریٹر اور بی بی ایم پی ٹیکس اینڈ فائنانس کمیٹی چیرمین ایم کے گنا شیکھر ، بلاک ایجوکیشن آفیسر رمیش ، کلسٹر ریسورس پرسن نور سلطانہ اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔


Share: