ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بر ہان وانی کے والد نے شری شری روی شنکر سے کشمیر کے حالات پر بات چیت کی

بر ہان وانی کے والد نے شری شری روی شنکر سے کشمیر کے حالات پر بات چیت کی

Sun, 28 Aug 2016 20:59:39    S.O. News Service

والد نے شنکر سے کشمیرآکرعوام کے’’من کی بات ‘‘ جاننے کی اپیل کی
سری نگر ، 28؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مارے گئے کشمیری نوجوان برہان وانی کے والد نے آرٹ آف لیو نگ کے بانی شری شری روی شنکر سے ان کے بنگلورمیں واقع آشرم میں ملاقات کی اور ان کے ساتھ وادی کے حالات پرتبادلہ خیال کیا ۔قابل ذکرہے کہ وادی میں جاری بدامنی کے دوران اب تک 68افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ ہزاروں دیگر زخمی ہیں ۔وانی کے مطابق انہوں نے شری شری سے مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ شری شری روی شنکر نے مجھ سے پوچھا کہ کشمیر کی عوام کیا چاہتی ہے؟میں نے ان سے وادی آکر خود پتہ لگانے کی اپیل کی ۔پیشے سے استاد وانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا طویل مدتی حل تلاش کرنے کے لیے علیحدگی پسندوں کے ساتھ غیر مشروط بات چیت ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ حریت کشمیر کی قیادت ہے اور ان سے غیر مشروط بات چیت ہونی چاہیے ۔ہندوستانی آئین کے دائرے میں پیشگی شرط مقرر کرنے سے مسئلہ حل نہیں نکلے گا۔مظفر وانی ذیابیطس کے علاج کے لیے جمعرات کو بنگلور آئے تھے اور کل گھر لوٹے ہیں ۔شری شری نے اپنے ساتھ وانی کی تصویر ٹوئٹر پر ڈالی تھی جو سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر وائرل ہو گئی۔وانی نے کہا کہ وہ اپنے ذیابیطس کے مرض کے علاج کے لیے بنگلورو کے شری شری آیورویدک اسپتا ل گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ میں ہوٹل میں نہیں ٹھہرا کیونکہ مجھے یہ محفوظ نہیں لگا، میں آشرم میں ٹھہرا۔شری شری روی شنکر نے ٹوئٹ کیا تھاکہ برہان وانی کے والد مظفر وانی گزشتہ دو دنوں تک آشرم میں تھے، ہم نے کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ٹوئٹ میں دیگر زیادہ معلومات نہیں تھی، لیکن دونوں کی ساتھ میں ایک تصویر تھی۔مظفر وانی کا بڑا بیٹا خالد بھی گزشتہ سال اپریل میں ترال کے جنگلات میں انسداد دہشت گردی مہم کے دوران سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں مارا گیا تھا۔


Share: