بنگلورو:10 /مئی(ایس او نیوز) انسداد کرپشن بیورو نے بدعنوان سرکاری ملازمین کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی کروڑوں روپیوں کی دولت بے نقاب کرتے ہوئے دو افسران کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان کی شناخت بی بی ایم پی مشرقی ڈویژن کے جوائنٹ کمشنر ڈاکٹر یتیش کمار اور رام نگرم کے تحصیلدار این رگھومورتی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ آج صبح ان دونوں کے علاوہ کے پی ٹی سی ایل کے ڈائرکٹر ایس ناگیش اور محکمہئ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے سپرنٹنڈنٹ رام کرشنا ریڈی کو بھی اے سی بی نے نشانہ بنایا۔ بیک وقت اے سی بی نے ان تمام کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے اور ان کی آمدنی کے ذرائع سے کئی گنا زیادہ دولت بے نقاب کی۔ 2001 میں میسور کے ماد ہلی میں بحیثیت سرشتہ دار رگھو مورتی کو پانچ لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے لوک آیوکتہ نے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا، اس وقت سیشن عدالت نے اسے چار سال کی قید بامشقت بھی سنائی تھی۔ بحیثیت تحصیلدار اس کیس میں چند ہی دنوں قبل رگھو مورتی کو گرفتار کرکے جیل بھیجا گیاتھا، قید ہونے کے بعد رگھومورتی کے خلاف مزید20 شکایات اے سی بی کو موصول ہوئیں جن کی بنیاد پر اے سی بی نے آج میسور کے علاوہ شہر کے ناگر بھاوی کے وینائک لے آؤٹ، اور تریکیرے کالونی میں رگھو مورتی کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ بی بی ایم پی جوائنٹ کمشنر ڈاکٹر یتیش کمار جن کو وزیر اعلیٰ سدرامیا کے اقرباء میں شمار کیا جاتا ہے ان کو بھی نشانہ بناتے ہوئے اے سی بی نے آج ان کے گھروں اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے، ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈائرکٹر رام کرشنا ریڈی کے کاویری بھون میں واقع دفتر پر بھی چھاپہ مارا، ساتھ ہی اسی عمارت میں موجود کے پی ٹی سی ایل دفتر میں ڈائرکٹر ایچ ناگیش اور نیشنل گیمز ولیج میں اس کے مکان پر بھی دھاوا بول کر نقد رقم، زیورات، اثاثوں کے دستاویزات وغیرہ برآمد کئے۔