بنگلورو:22/مئی (ایس او نیوز) 20 مئی کو شہر میں ہوئی موسلادھار بارش کے نتیجہ میں کروبرا ہلی کے بڑے نالے میں بہہ گئے مزدور شانتا کمار کی نعش کا اب تک کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ گزشتہ دو دنوں سے شانتا کمار کی نعش کو ڈھونڈنے کا کام کافی تیزی سے جاری ہے۔ فائر فورس اور بی بی ایم پی عملے کے بعد اس نعش کو ڈھونڈنے کیلئے شعبہئ آفات سماوی کے جوانوں کو بھی اتار دیاگیا۔ اس دوران میسور روڈ کے کمبی پور کے قریب ساجد نامی ایک شخص کے بہہ جانے کی اطلاعات کے بعد این ڈی آر ایف کے جوانوں نے اس کی تلاش کیلئے بھی مہم شروع کردی۔ کروبرا ہلی نالہ میں دو دنوں کی تلاش بسیار کو غالباً کل تک نعش نہ ملنے کی صورت میں ختم کرنے پر غور کیاجارہاہے۔ کمبی پور سے بہہ رہا نالہ ہمپاپور، کمبل گوڈ اور بائر منگل کی طرف جاتا ہے۔این ڈی آر ایف کی ٹیمیں ان مقامات پر بھی ساجد کی نعش کو تلاش کررہی ہیں۔ان نالوں میں بھاری مقدارمیں کیچڑ ہونے کے سبب نعشوں کے ملنے کے امکانات کو ماہرین مسترد کررہے ہیں۔