ممبئی، 17؍اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کرجات سے این سی پی کے رکن اسمبلی سریش لاڈ کی طرف سے مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں ایک ڈپٹی ضلع مجسٹریٹ کو مبینہ طور پر تھپڑ مارے جانے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، حالانکہ رکن اسمبلی نے افسر پر حملہ کرنے سے انکار کیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ تحویل اراضی کے لیے کسانوں کی طرف سے معاوضہ پر اختلاف کے بعد نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ممبر اسمبلی نے ڈپٹی ضلع مجسٹریٹ (تحویل اراضی)ابھے کرگتکر کو مبینہ طور پر تھپڑ مار دیا، یہ واقعہ کیمرے میں قید ہو گیا ۔یہ واقعہ گزشتہ جمعرات کو کرگتکرکی طرف سے بلائی گئی ایک میٹنگ کے دوران پیش آیا تھا ۔ایک تیل پائپ لائن کے لیے تحویل اراضی پر تنازعات کو حل کرنے کے لیے یہ میٹنگ طلب کی گئی تھی ۔این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے میڈیا کو بتایا کہ ممبر اسمبلی نے افسر کو تھپڑ مارنے سے انکار کیا ہے۔ملک نے کہاکہ افسر خاموش کیوں ہیں؟ اگر ان پر واقعی میں حملہ ہوا ہے تو انہوں نے پولیس میں کوئی شکایت کیوں درج نہیں کرائی ہے؟ایک اور این سی پی لیڈر نے بتایا کہ جس جگہ پر یہ مبینہ واقعہ پیش آیا ہے وہ ایک سرکاری دفتر نہیں بلکہ یہ ایک مشہور صنعتی گروپ کا کمپلیکس ہے۔انہوں نے کہاکہ ہو سکتا ہے کہ اس صنعتی گروپ کے ایک ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کی وجہ سے افسر خاموشی سادھے ہوئے ہوں ۔اس درمیان ایک افسر نے بتایا کہ این سی پی کے رکن اسمبلی کی طرف سے مبینہ حملے کو لے کر کرگتکر نے پال گھر ضلع مجسٹریٹ کے پاس ایک شکایت درج کرائی ہے۔ضلع مجسٹریٹ کو لکھے ایک خط میں کرگتکر نے کہا ہے کہ لاڈ نے ان پر حملہ کیا۔