ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / این ایس سی کے 2ارکان نے دیااستعفیٰ، کمیشن میں صرف دواراکین بچے 

این ایس سی کے 2ارکان نے دیااستعفیٰ، کمیشن میں صرف دواراکین بچے 

Wed, 30 Jan 2019 20:30:09    S.O. News Service

نئی دہلی:30/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی)اور ریزرو بینک آف انڈیا(آربی آئی)سے منسلک تنازعہ مکمل طور پر تھما بھی نہیں تھا کہ مرکزی حکومت کے سامنے ایک اور تشویش سامنے آ گئی ہے۔قومی اعداد و شمار کمیشن( این ایس سی)کے دو ارکان نے منگل کو اچانک استعفیٰ دے دیا۔استعفیٰ دینے والے رکن پی سی موہنن کا کہنا ہے کہ مسلسل ان کے کام میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی تھیں، اس لیے انہوں نے عہدہ چھوڑ دیا۔پی سی موہنن کے علاوہ جے وی میناکشی نے بھی منگل کو قومی اعداد و شمار کمیشن سے استعفی دیا، اس کے ساتھ ہی اب اس کمیشن میں صرف دو ہی رکن بچے ہیں، جس میں پروین شریواستو اور نیتی آیوگ کے سی ای او امیتابھ کانت شامل ہیں۔رکن ہونے کے ساتھ ساتھ پی سی موہنن اس کمیشن کے ایکٹنگ چیئرمین بھی تھے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل سیمپل سروے آفس(این ایس ایس او)کے پاس موجود بے روزگاری کے اعداد و شمار کو جاری نہیں کرنے دیا جا رہا تھا، جس کی وجہ سے وہ استعفی دینے پر مجبور ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ان اعداد و شمار کو دسمبر 2018میں جاری کرنا تھا، لیکن ایسا نہیں ہو سکا،ابھی تک اس کی معلومات ویب سائٹ پر بھی نہیں دی گئی ہے۔غور طلب ہے کہ روزگار کا مسئلہ گزشتہ کافی عرصے سے بحث میں ہے، اپوزیشن پارٹیاں اسی بہانے نریندر مودی حکومت کو گھیرنے میں لگی ہیں،تاہم ان اعداد و شمار پر پی سی موہنن نے کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔معاملے پر تنازعہ بڑھتا دیکھ حکومت نے دونوں افسران کو بات کرنے کے لئے بلایا ہے۔مرکزی وزیر وجے گوئل کا کہنا ہے کہ اس میں کچھ بھی فکر والی بات نہیں ہے۔حکومت ہر بار پانچ سال کا NSSOڈیٹا جاری کرتی ہے لیکن کمیشن کے پاس صرف ایک سال کے ہی اعداد و شمار دستیاب ہیں،اس لئے حکومت کا خیال ہے کہ اس سے صحیح اعداد و شمار سامنے نہیں آ پائیں گے۔غور طلب ہے کہ اس سے پہلے سی بی آئی میں دو اعلی افسران کے جھگڑے اور آر بی آئی گورنر کے عہدے سے ارجت پٹیل کے اچانک استعفی سے مودی حکومت کی کرکری ہوئی تھی۔


Share: