نئی دہلی :26/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ آسام میں اگلے ہفتے این آر سی جاری ہونے کے بعد متاثرہ افراد کو اپنے دعوے اور اعتراضات درج کرانے کے لئے کافی موقع ملے گا اور فکر کی کوئی بات نہیں ہے ۔این آرسی مسودے کے پہلے حصے کی اشاعت 31 دسمبر اور ایک جنوری کی درمیانی رات کو ہوئی تھی۔ جس میں 3.29 کروڑ عرضی گزاروں میں سے 1.9 کروڑ لوگوں کے ناموں کو شامل کیا گیا تھا۔30 جولائی کو تمام 3.29 کروڑ درخواست دہندگان کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔سنگھ نے یہاں ایک پروگرام کے الگ کہاکہ کسی کو بھی اس کو لے کر فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ لوگوں کو ان کے دعوے اور اعتراضات درج کرنے کے لئے کافی وقت ملے گا اور اگر کوئی مطمئن نہیں ہے تو وہ غیر ملکی ٹربیونل سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ فکر کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ وزارت داخلہ نے کل آسام حکومت سے کہا تھا کہ وہ ان لوگوں کے خلاف کارروائی نہ کرے جن کا نام ریاست کی شہری فہرست میں نہیں ہے۔ مرکز نے آسام اور ارد گرد کی ریاستوں میں امن اور قانون اور نظام برقرار رکھنے کے لئے 22 ہزار سے زائد نیم فوجی دستوں کو روانہ کیا ہے۔