نئی دہلی، 21؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے)نے آئی ایس آئی ایس کے مختلف مشتبہ اراکین اور ملک میں ان کی دہشت گرد انہ سرگرمیوں کے خلاف جاری تحقیقات میں امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور کینیڈا سمیت 6 ممالک سے تعاون مانگا ہے۔جانچ ایجنسی نے ضلع جج امر ناتھ کے سامنے آئی ایس آئی ایس کے 16مشتبہ افراد کے خلاف دائر چارج شیٹ میں یہ خلاصہ کیاہے ۔ان مشتبہ اراکین کو آئی ایس آئی ایس میں لوگوں کو شامل کرنے اور انہیں مالی مدد پہنچانے کے الزامات پر ملک بھر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ایجنسی نے دعوی کیا کہ یہ ملزم آئی ایس آئی ایس کے مقصد کو آگے بڑھانے اور ہندوستان میں خلافت کے قیام کی کوشش کر رہے تھے۔ایجنسی نے الزام لگایا کہ وہ ماؤنواز تنظیموں سے بھی مدد مانگ رہے تھے اور تلنگانہ کے جنگلوں کوٹھکانے کے طور پر استعمال کرنے کی بھی سازش رچی تھی۔چارج شیٹ میں دعوی کیا گیاہے کہ تحقیقات میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ملزم مختلف موبائل نمبروں کا استعمال کر رہے تھے اور انہوں نے بھرتی، آئی ای ڈی بنانے، ٹریننگ اورٹھکانے کے لیے جگہوں کی نشاندکرنے اور ہندوستان میں مختلف عوامی مقامات اور اہم تنصیبات پر دہشت گردانہ حملے کرنے کے مقصد کے لیے ویب پر مبنی سوشل میڈیا نیٹ ورکوں پر اپنے ساتھیوں سے رابطہ اور بات چیت کی تھی۔