بنگلورو:04/مئی (ایس اونیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے تمام سرکاری افسران اور پولیس حکام کو سخت ہدایت دی ہے کہ ان کے قافلے کی روانگی کیلئے کسی بھی وقت کسی ایمبولنس کو روکا نہ جائے۔گزشتہ روز بنگلور میں ان کے قافلے کو گزرنے کیلئے ایمبولنس کو روکے جانے کی خبروں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سخت تاکید کی ہے کہ پولیس حکام اگر ضرورت پڑے تو ان کا قافلہ روک دیں اور ایمبولنس کو جانے دیں۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ حال ہی میں بنگلور کے رویندرا کلاکشیترا میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد ان کی روانگی کے مرحلے میں ان کے قافلے کو روانہ کرنے کیلئے پولیس کی طرف سے ایمبولنس روکے جانے کا معاملہ بعد میں ان کے علم میں آیا۔ انہوں نے کہاکہ پولیس افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ آنے والے دنوں میں ایسے معاملات میں احتیاط برتی جائے، اور غیر ضروری طور پر ایمبولنسوں کو روکا نہ جائے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے محکمہئ صحت اور دیگر نجی اداروں کے اشتراک سے منعقد ہیلتھ میلہ کا افتتاح کیا۔وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر صحت رمیش کمار، وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور، وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج، وزیر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل، محکمہئ صحت کی پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر شالنی رجنیش اور دیگر موجود تھے۔