ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایم کیو ایم قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہے: ڈاکٹر عامر لیاقت

ایم کیو ایم قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہے: ڈاکٹر عامر لیاقت

Fri, 26 Aug 2016 19:38:56    S.O. News Service

اسلام آباد،26اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)متحدہ قومی موومنٹ نے ایک بیان میں اپنے رہنماؤں کے تحویل میں لیے جانے کی مذمت کی ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ایم کیو ایم ایک محب وطن اور جمہوری جماعت ہے، ایم کیو ایم کے ایم این اے آصف حسین اور ایم پی اے شیراز وحید کو جھوٹے مقدمات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔پاکستانی نیوز چینل اے آر وائی کی ویب سائٹ کے مطابق ایم کیو ایم کے کئی دفاتر کو بند اور کچھ کو مسمار بھی کر دیا گیا ہے۔ ویب سائٹ پر دی گئی معلومات میں لکھا گیا ہے، پارکس اور سرکاری پلاٹس پر قائم ایم کیو ایم کے غیر قانونی دفاتر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، کراچی میں ایک سو چھیانوے دفاتر سیل اور متعدد مسمار کر دیے گئے ہیں۔پاکستانی اخبار ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق کراچی شہر کے ایس ایس پی راؤ انور کا کہنا ہے، ایم کیو ایم کے دفاتر کو مسمار کرنے کا حکم سندھ کے چیف منسٹر مراد علی شاہ کی جانب سے دیا گیا ہے کیوں کہ یہ دفاتر غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے تھے۔
ادھر نامور ٹی وی اینکر اور ایم کیو ایم کے ایک سابق رکن ڈاکٹرعامر لیاقت حسین نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ گزشتہ شب جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں ڈاکٹر عامر لیاقت نے کہا کہ جب سے انہوں نے پاکستان مردہ باد نعروں کی مذمت کی ہے اور ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان کیا ہے، انہیں قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ 22اگست کو ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر اور اے آر وائی پر مبینہ طور پر ایم کیو ایم کے کارکنان کے حملے کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو رینجرز نے ایک رات اپنی تحویل میں رکھا تھا۔لندن میں ایم کیو ایم کے رہنما ندیم نصرت نے ڈاکٹرعامر لیاقت کے ان الزامات کی مکمل طور پر تردید کر دی ہے۔22اگست کو اے آر وائی نیوز پر حملے کے بعد رینجرز نے کراچی میں ایم کیو ایم کے دفاتر کو بند کر دیا تھا اور تفتیش کی خاطر ایم کیو ایم کے کئی رہنماؤں کو عارضی طور پر تحویل میں بھی لیا تھا۔ رواں ہفتے منگل کے دن ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے ایک پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم کے لندن دفتر سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا تھا۔ فاروق ستار کی اس پریس کانفرنس کے بعد پاکستانی میڈیا میں یہ چہ میگوئیاں شروع ہو گئی تھیں کہ اب الطاف حسین کی جگہ فاروق ستار نے ایم کیو ایم کی قیادت سنبھال لی ہے۔ تاہم ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں نے اپنے بیانات میں اس تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد بدستور الطاف حسین ہی ہیں۔


Share: