نئی دہلی 9/مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی) ایس بینک کے سابق چیف ایکزی کوٹیو آفسر رانا کپور کی بیٹی روشنی جو لندن جانے کے لئے ممبئ ایرپورٹ پہنچی تھی، ائرپورٹ پر ہی روکے جانے کی اطلاع ملی ہے۔
خیال رہے کہ ایس بینک کے سابق سی ای او رانا کپور کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے لمبی پوچھ تاچھ کے بعد 11مارچ تک اپنی تحویل میں لیا تھا، جس کے دوران ان کی بیٹی کو ممبئی ائرپورٹ میں روکے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس سے قبل ای ڈی نے رانا کپور کی پوری فیملی کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ ا یس بینک نے دیوان ہاؤسنگ فائنانس لمیٹیڈ (ڈی ایچ ایف ایل)کو 3700 کروڑ روپے کا قرض دیا تھاجس کے بعد ڈی ایچ ایف ایل نے’ ڈو اٹ اربن انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ( Do it Urban India pvt ltd) ‘نام کی کمپنی کو 600 کروڑ روپے کا قرض دیاتھااور یہ کمپنی رانا کپور کی دو بیٹیوں روشنی اور رادھا کپور کے نام پر رجسٹرڈ ہیں۔یاد رہے رانا کپور کی تیسری بیٹی لندن میں رہتی ہے۔ ای ڈی رانا کپور کے گھر پر اور ان کی بیٹیوں کی اس کمپنی کے دفتر پر چھاپے مار چکی ہے۔
یاد رہے کہ ایس بینک پر الزام ہے کہ اس نے تمام ضوابط طاق پر رکھ کر ڈی ایچ ایف ایل کو قرض دیا تھاجس کے بدلے میں ڈی ایچ ایف ایل نے رانا کپور کی بیٹیوں کی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے لئے 600 کروڑ روپے دئے تھےاور اب اس معاملہ کی جانچ ای ڈی کر رہا ہے۔
ادھر ای ڈی نے پوچھ تاچھ کے بعد رانا کپور کو 11 مارچ تک کے لئے اپنی حراست میں لے لیا ہے۔منی لانڈرنگ معاملہ میں ممبئی کی ایک عدالت نے رانا کپور کو 11 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا ہے۔