ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / اگلے انتخابات سدرامیا کی قیادت میں ہی لڑے جائیں گے: شیوکمار

اگلے انتخابات سدرامیا کی قیادت میں ہی لڑے جائیں گے: شیوکمار

Sat, 12 Aug 2017 23:32:08    S.O. News Service

بنگلورو:12/اگست(ایس او نیوز) ریاستی وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ حال ہی میں ان کی رہائش گاہ اور دیگر ٹھکانوں پر محکمۂ انکم ٹیکس کے چھاپوں اور ان پر دباؤ ڈالنے مرکزی حکومت کی مبینہ کوشش کے مرحلے میں کانگریس پارٹی بالخصوص کانگریس نائب صدر راہول گاندھی اور وزیراعلیٰ سدرامیا نے جو اخلاقی طور پر ساتھ دیا اس کیلئے وہ ان دونوں کے احسان مند رہیں گے۔آج رائچور میں اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیوکمار نے کہاکہ ریاستی اسمبلی کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی سدرامیا کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ انہوں نے کہاکہ دہلی ، بنگلور ، میسور، رام نگرم کے ایگل ٹن ریسارٹ اور دیگر مقامات پر انہیں نشانہ بنانے کیلئے مرکزی حکومت نے جس طرح ایک آئینی ادارہ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کا استعمال کیا اس سے ظاہر ہوتاہے کہ کرناٹک میں کانگریس کی مقبولیت سے مرکزی حکومت کس حد تک بوکھلائی ہوئی ہے۔ شیوکمار نے کہاکہ محکمۂ انکم ٹیکس کی طرف سے جو جانچ کی جارہی ہے اس میں وہ بھرپورتعاون کررہے ہیں۔ اس سوال پر کہ وہ 2018کے اسمبلی انتخابات میں عہدۂ وزیر اعلیٰ کے دعویدار ہیں یا نہیں ۔ شیوکمار نے واضح کیاکہ آنے والے انتخابات کا سامنا سدرامیا کی قیادت میں ہی کیا جائے گا۔ اپنے محکمہ کے متعلق ایک سوال پر کہ بلاری تھرمل پاور اسٹیشن میں پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے محکمہ کیا کرے گا؟۔ شیوکمار نے کہاکہ اس کیلئے جندال گروپ سے بات چیت کی گئی ہے ، جو ایک ہزار کروڑ روپیوں کی لاگت پر دریائے کرشنا سے سرنگ کی شکل میں پائپ لائن بچھائے گا اس کیلئے ٹنڈر کا عمل زیر بحث ہے۔ انہوں نے کہاکہ موسم گرما کے دوران بجلی کی قلت نہ رہے ، اس کیلئے حکومت نے ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی خریداری کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کی تیاریاں بھی کرلی ہیں۔ رائچور تھرمل پاور پلانٹ کے متعلق شیوکمار نے بتایاکہ یہاں مرمت کا کچھ باقی رہ گیا ہے۔ ساتھ ہی کچھ حصوں کی تجدید بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری ریاست کیلئے توانائی کا ذریعہ بننے والے رائچور تھرمل پاور پلانٹ کے ذریعہ رائچور کو اب تک بجلی کی ترسیل ممکن نہیں ہوپائی ہے۔ ریاستی حکومت اس بات کیلئے کوشاں ہے کہ رائچور کو 24گھنٹے بجلی مہیا کرائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ بنگلورمیں یلہنکا کے قریب گیس سے بجلی کی پیداوار کی یونٹ شروع کی گئی ہے۔ فلم ادا کار اپیندرا کی طرف سے نئی سیاسی پارٹی قائم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے شیوکمار نے کہاکہ ان سے وہ اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی سیاسی جماعت ریاستی عوام کے مفادات کی حفاظت اور ان کی فلاح کیلئے کام کرنے والی پارٹی بنے۔


Share: