ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی میں پولیس کے بھیس میں جویلر کا اغوا اور 42.57لاکھ روپے کے زیورات کی لوٹ

اڈپی میں پولیس کے بھیس میں جویلر کا اغوا اور 42.57لاکھ روپے کے زیورات کی لوٹ

Sun, 19 Mar 2017 11:23:29    S.O. News Service

اڈپی ،18؍جنوری (ایس او نیوز)کیرالہ سے کارکلا ہوتے ہوئے منگلوروآنے والے ایک جویلر کو اغوا کرنے کے بعد اس کے پاس موجود 42.57لاکھ روپے مالیت کے زیورات کی لوٹنے کی واردات پیش آئی ہے۔

موصولہ تفصیلات کے مطابق دلیپ نامی کیرالہ کا جویلر 40لاکھ روپے مالیت کا 1.5کیلو گرام سونا اور2.57لاکھ روپے نقد رقم اپنے ساتھ لے کر سفر کررہا تھا۔ اس نے منگلورو اور موڈبدری وغیرہ میں کچھ سونے کے زیورات فروخت کیے اور کارکلا سے اڈپی کی طرف بس کے ذریعے روانہ ہوا۔اس دوران ایک اجنبی مسافر اس کی بغل والی سیٹ پر آکر بیٹھ گیا اور اس نے اپنے آپ کو پولیس والے کے طور پر متعارف کروایا۔تھوڑی دیر بعد اس نے دلیپ کے ساتھ خواہ مخواہ جھگڑا مول لیا اور اگلے بس اسٹاپ پر اس کا کالر پکڑ کر اسے بس سے نیچے اتار دیا۔ بس ڈرائیور، کنڈکٹراور دوسرے مسافر وں نے اس شخص کو پولیس والاہی سمجھ لیا اور کسی نے بھی مداخلت نہیں کی۔ خود دلیپ نے بھی اس کو پولیس والا مان کر کوئی مزاحمت نہیں کی۔

لیکن بس سے اترتے ہی ایک بھورے رنگ کی رٹز کار وہاں پہنچ گئی جس میں 6لوگ سوار تھے۔انہوں نے دلیپ کو کھینچ کر کار میں بٹھا لیا اور وہاں سے رفو چکر ہوگئے۔پھر پستول جیسا ہتھیار دکھار لٹیروں نے کار کے اندر دلیپ سے سونے کے زیورات اور نقد رقم چھین لی اور اسے پڈوبدری میں نندی کور انڈسٹریل ایریا کے پاس چھوڑ کر چلے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں اپنے آپ کو پولیس کے طور پر متعارف کروانے والا شخص دلیپ کا پیچھا کررہا تھا اور اپنے دیگر ساتھیوں کو بس کے اندر سے ہی معلومات فراہم کررہاتھا پھر اپنے منصوبے کے تحت اس نے دلیپ سے جھگڑا کھڑا کیا اور اسے بس سے اتارنے میں کامیاب ہوگیا جس کے بعد منصوبے کی اگلی کارروائی اس کے دوسرے ساتھیوں نے انجام دی۔دلیپ نے منگلورو میں اپنے بھائی کے گھرپہنچ کرپولیس میں کیس درج کروایا مگر چونکہ لوٹ کی یہ واردات منی پال میں پیش آئی تھی اس لیے کیس کومنی پال پولیس اسٹیشن میں منتقل کیا گیا ہے۔ دلیپ کے بیان کی روشنی میں پولیس والے لٹیروں کے اسکیچ تیار کررہے ہیں۔تاحال لٹیروں کے بارے میں پولیس کو کوئی سراغ ہاتھ نہیں لگا ہے۔


Share: