اُڈپی ۔ یکم مارچ ( ایس او نیوز ) اُڈپی ضلع سرکاری اسپتال کے سرجن ڈاکٹر مدھو سودھن نائک نے بتایا کہ ضلع اسپتال ریاست کا سب سے پہلا ای۔ اسپتال ہوگا۔ یہاں ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر مدھو سودھن نے یہ جانکاری دی اور کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ نجی پارٹنرشپ رکھنے والے بنگلورو کے کے سی جنرل اسپتال اور سنجے گاندھی اسپتال کے علاوہ ریاستی سرکاری اسپتالوں میں آن لائن کے ذریعہ کام کرنے والے پہلے اسپتال کا اعزاز ضلع اسپتال کو حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ 13؍ مارچ کو اُڈپی ضلع اسپتال کاغذی سرگرمیوں سے آزاد ہوگا اس طرح ریاست کے پہلے ای ۔ اسپتال کے اعزاز سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال کے کل 16ڈیویژنوں میں پہلے مرحلہ میں 3ڈیویژنوں میں آن لائن خدمات شروع کرنے کا کام جاری ہے جس کے تحت آؤٹ پیشنٹ ، ان پیشنٹ ، بلڈنگ ڈیویژن مکمل طور پر کاغذی سرگرمیوں سے پاک ہوں گے ۔ آنے والے دنوں میں داخلہ جات لبیاریٹری ، ایکس رے ودیگر تمام 16ڈیویژنوں میں آن لائن سہولت ہوگی اور فیس بھی کیش لیس کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر مدھو سودھن نے بتایا کہ ضلع اسپتال میں 13؍ مارچ کو جنرک ادویات کا مپلکس کا افتتاح ہوگا اسی دن ضلع نگراں کار وزیر پرامود مدھوراج ای۔ اسپتال کا افتتاح کریں گے۔