احمد آباد،16اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)گجرات کے گر سومناتھ ضلع کے ؤنا شہر میں ایک مظاہرہ ریلی سے گھر واپس آ رہے 20دلتوں کے ایک گروپ پر سمتر گاؤں کے قریب ہجوم نے حملہ کر دیا، جس میں8 دلت شدید زخمی ہو گئے۔واقعہ پیر کی شام قریب 5بجے ہوا۔پولیس نے ہجوم کو بھگانے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے اور ہلکا لاٹھی چارج بھی کیا،تاہم متاثرین نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے ان کی مدد کے لئے کچھ نہیں کیا۔متاثرین کا دعوی ہے کہ حملہ آور سمتر گاؤں کے رہائشی ہیں،وہ لوگ گزشتہ ماہ اونا میں دلتوں کی پٹائی کرنے والوں کے گرفتار ہوئے 12لوگوں کا بدلہ لینا چاہتے تھے۔اس واقعہ کے 20متاثرین بھاؤنگر ضلع کے ہیں اور وہ سائیکل اور موٹر سائیکل سے دوسرے لوگوں کے ساتھ اونا گئے تھے۔یہ لوگ جے این یواسٹوڈنٹ یونین کے صدر کنہیا کمار کی موجودگی میں رادھکا ویملا اور بال سروییا کی طرف سے قومی پرچم لہرانے کے پروگرام میں شامل ہونے گئے تھے۔رادھکا ویمولا، حیدرآباد سینٹرل یونیورسٹی میں خودکشی کرنے والے دلت طالب علم روہت ویمولا کی ماں ہیں جبکہ بال اونا میں مظالم کا شکارہوئے دلتوں میں سے ایک کے باپ ہیں۔ہجوم نے اونا-بھاؤنگر رو پر انہیں سمتر کے پاس روکا اور ان کی پٹائی کی۔یہ جگہ موٹا سمدھیا گاؤں سے زیادہ دور نہیں ہے، جہاں گزشتہ ماہ گؤ رکشا کے نام پر دہشت گردی کرنے والوں نے سات دلتوں کی بری طرح پٹائی کی تھی۔گر سومناتھ پولیس کنٹرول روم کے ایک اہلکار نے کہا کہ سمتر میں پیر کی شام پولیس نے پر تشدد ہجوم کوبھگانے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے۔جب انہوں نے بھاگنے سے انکار کر دیا، تو لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔حملہ کاشکارہوئے ماؤ جی بھائی سروییا کا الزام ہے کہ ان پر سمتر گاؤں کے لوگوں نے حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اونا دلت حملہ سانحہ میں ابھی تک گرفتار 30لوگوں میں سے 12افراد سمتر کے رہنے والے ہیں۔یخ اونا سے 11کلومیٹر دور واقع ہے، میرے سمیت تقریبا 200دلت موٹر سائیکل سے اونا ریلی میں شامل ہونے آئے تھے،جب ہم واپس آ رہے تھے، سمتر کے باشندوں نے سڑک بندکردیا اور بے رحمی سے ہمیں مارا پیٹا گیا۔ماؤجی بھائی نے کہا کہ اگرچہ پولیس فورس وہاں تھی لیکن حملہ آوروں کے مقابلے وہ بہت کم تھے،وہ لوگ ان کے 12افراد کی گرفتاری کے لئے ہمیں ذمہ دار ٹھہرا رہے تھے۔کم ازکم20افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 8 کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔زخمیوں کو بھاؤنگر اور راجلا کے ہسپتالوں میں داخل کرایاگیا ہے،ہماری ایک موٹر سائیکل کو آگ بھی لگا دیا گیا۔