ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / اولڈ مدراس روڈ کے گھٹیا معیار کو دیکھ کر میئر سخت برہم،کنٹراکٹر پر جرمانہ

اولڈ مدراس روڈ کے گھٹیا معیار کو دیکھ کر میئر سخت برہم،کنٹراکٹر پر جرمانہ

Wed, 05 Apr 2017 01:55:54    S.O. News Service

بنگلورو:4/اپریل(ایس او  نیوز) شہر کی میئر جی پدماوتی نے آج اولڈ مدراس روڈ پر سگنل فری کاریڈور کی تعمیر کا جائزہ لیا، اور یہاں کام کے گھٹیا معیار کو دیکھ کر کنٹراکٹر پر پانچ لاکھ روپیوں کا جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت جاری کی، آج صبح میئر نے 145کروڑ روپیوں کی لاگت پر زیر تکمیل 17.5کلومیٹر طویل سگنل فری کاریڈور کے کاموں کا جائزہ لیاتو پتہ چلا کہ فٹ پاتھ کی تیاری انتہائی گھٹیا طریقے سے کی گئی ہے، یہ دیکھ کر میئر نے کنٹراکٹ حاصل کرنے والی کمپنی آر این ایس انفرااسٹرکچر لمیٹیڈ کے افسران کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ فٹ پاتھ کی تعمیر کیلئے جن اشیاء کا استعمال کیا گیاہے وہ انتہائی گھٹیا ہیں۔ جابجا یہاں گندگی کے ڈھیروں کو دیکھ بھی میئر نے سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے اس پر بھی کمپنی کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے 25ہزار روپے جرمانہ الگ سے لاگو کیا۔ جابجا فٹ پاتھوں پر لوگوں کی طرف سے تعمیراتی ملبہ پھینک دیاجاتاہے، میئر نے اس علاقہ میں جابجا ملبے دیکھ کر اس طرح پھینکنے والوں پر بھی فی کس 50 ہزار روپے جرمانہ لاگو کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ فٹ پاتھوں پر اس طرح ملبہ پھینکنے کیلئے ذمہ دار عمارتوں کے مالکان پر فوجداری مقدمات درج کئے جائیں۔ اولڈ مدراس روڈ پر آپٹک فائبر کیبل بچھانے کیلئے جاری کھدائی پر بھی میئر نے سخت اعتراض کیا اور افسران سے سوال کیا کہ اس کھدائی کیلئے اجازت کس نے دی ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ درختوں کے اوپر بھی او ایف سی کیبل لگادئے گئے ہیں۔افسران انہیں دیکھ کر اندھے کیوں بنے ہوئے ہیں۔فوری طور پر ان او ایف سی کیبلوں کو کاٹ دیا جائے، اس موقع پر میئر کے ہمراہ حکمران پارٹی کے لیڈر محمد رضوان نواب، جوائنٹ کمشنر ڈاکٹر یتیش کمار، ایگزی کیٹیو انجینئر پربھاکر وغیرہ موجود تھے۔


Share: