ریو دی جنیریو، 2؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )آسٹریلیا کی ابھرتی ہوئی تیراک ایما میک کیون کی زندگی بچپن سے لے کر ابھی تک زیادہ تر پانی میں گزری ہے اور اب یہ 22سالہ تیراک ریو اولمپکس کے پول میں دھوم مچانے کے لیے تیار ہے۔ایما کے والدین نے سوئمنگ میں اپنے ملک کی نمائندگی کی تھی۔ان کے والد ران نے 1980اور 1984کے اولمپکس میں حصہ لیا تھا اور اب وہ اپنی بیٹی کے کوچ ہیں۔ایما کے بھائی ڈیوڈ بھی آسٹریلیا کی اولمپک ٹیم میں شامل ہیں اور ایسے میں ان کے لیے ریو اولمپکس خاندانی مقابلہ بن گیا ہے۔ایما نے اولمپک کی سرکاری ویب سائٹ سے کہاکہ میرے والد نے ہمیشہ مجھے مفید مشورہ دیاہے ، میرا بھائی بھی اولمپکس میں حصہ لے گا اور اس سے یہ خاص بن جاتے ہیں، ریو میں میرا مقصد جتنا ممکن ہو سکے اتنا تیز تیرنا ہے۔ریو اولمپکس میں ایما 200میٹر فری اسٹائل، 100میٹر بٹرفلائی ، چار گنا 100میٹر فری اسٹائل ری لے ، چار گنا 200میٹر فری اسٹائل ری لے اور چار گنا 100میٹر میڈلے ری لے میں حصہ لیں گی۔