ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اننت کمار ہیگڈے کی غنڈہ گردی کا چرچا سرسی سے دہلی تک

اننت کمار ہیگڈے کی غنڈہ گردی کا چرچا سرسی سے دہلی تک

Sat, 07 Jan 2017 11:21:36    S.O. News Service

سرسی 5جنوری (ایس او نیوز) سرسی کے ٹی ایس ایس اسپتال کے ڈاکٹروں پر جارحانہ حملہ کرنے والے رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے کی سی سی ٹی وی ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد اس کاچرچا سرسی سے ہوتاہوا دہلی کے گلیاروں تک پہنچ گیا ہے۔
عوام کے اندر ایم پی اننت کمار ہیگڈے کے کردار اور رویہ کو لے کر ملا جلا ردعمل ہونے کے باوجود ایک بات پر تقریباً ہر کوئی ہم خیال ہے کہ عوام کی خدمات انجام دینے والے ادارے ٹی ایس ایس اسپتال کے ڈاکٹروں کے ساتھ اس طرح کارویہ کسی بھی زاویے سے ٹھیک نہیں ہے۔ اخباری بیانات کے ذریعے تنازعات کھڑے کرنے پر ان کی پارٹی کے لوگ اسے ان کا ذاتی بیان کہہ کر پلّہ جھاڑ لیتے آئے ہیں۔ مگر رکن پارلیمان کے علاوہ بی جے پی کے ریاستی نائب صدر کے عہدے پر رہتے ہوئے اننت کمار کی یہ غنڈہ گردی پارٹی لیڈر شپ کے لئے حلق کاکانٹا بن گئی ہے۔
مارپیٹ اننت کمار کی عادت ہے: اننت کمارہیگڈے کے تعلق سے لوگوں میں یہ بات عام ہوگئی ہے کہ مارپیٹ اور حملے کرنا ان کی عادت میں شامل ہے۔ اس لئے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بی جے پی ضلع صدر رہنے والے اور اب کانگریس کے ایم ایل اے شیو رام ہیبار پر بھی اننت کمار نے حملہ کیا تھا۔ موجودہ بی جے پی کے ایم ایل اے اور سابق وزیر وشویشور ہیگڈے کاگیری کے ساتھ بھی ایک اجلاس کے دوارن مارپیٹ کی تھی۔اس کے علاوہ اننت کمار پر کاروار میں بی جے پی لیڈرجگدیش بیر کوڈیکر پر بھی حملہ کرنے کاالزام ہے۔کمٹہ کے بی جے پی لیڈر موہن نائک پر میٹنگ کے دوران ہی حملہ آور ہونے کی بات بھی سب کو یاد ہے۔لیکن کہا جاتا ہے کہ موہن نائک نے اس وقت سینہ تان کر اننت کمار کے سامنے کھڑے ہوتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے کوئی ایرا غیر ا نہ سمجھو اور اپنی داداگری ہمارے سامنے مت دکھاؤ۔ ہمت ہے تو دو دو ہاتھ کرلو۔اس سے پہلے کہ دونوں طرف سے زوردار ہاتھا پائی ہوتی وہاں پر موجود لوگوں نے بیچ بچاؤ کرتے ہوئے معاملہ ٹھنڈا کیا تھا۔
یہ تمام واقعات نے چونکہ بند کمروں یا میٹنگ ہال میں ہوئے تھے اور بی جے پی کے ہی لوگوں کے ساتھ ہوئے تھے اس لئے اس کا چرچا زیادہ دنوں تک نہیں ہوا۔ مگر عوامی مقام پر کھلے عام غنڈہ گردی کرنے کا جو واقعہ ٹی ایس ایس کے ڈاکٹروں کے ساتھ پیش آیا اور اس کی ویڈیو کلپ ٹی وی اور سوشیل میڈیا پر عام ہوئی تو اس سے ایم پی کا اصل چہرہ عوام کے سامنے کھل کر آگیا ہے۔خبر ہے کہ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے اننت کمار کی اس گھناونی حرکت کا نوٹس لیا ہے ۔جس کا یہ احساس ہے کہ ایک اونچے مقام پر رہنے والے اپنے اس کارکن کی نیچ حرکت سے بی جے پی کی شبیہ کو سخت نقصان پہنچا ہے۔بعض ذرائع کے مطابق اس واقعہ کے پس منظر میں بی جے پی کے اعلیٰ لیڈروں نے اننت کمار سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ وہ ریاستی نائب صدر کے عہدے سے دست بردار ہوجائے۔لیکن اننت کمار کے حمایتی گروہ نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد بات بتائی ہے۔
سرسی سے ملنے والی ایک اور خبر میں بتایا گیا ہے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے ٹی ایس ایس اسپتال کے ڈاکٹروں پر اننت کمار کی طرف سے حملہ کرنے اور غنڈہ گردی کا رویہ اپنانے کی سخت مذمت کی ہے۔سی پی آئی ایم پارٹی کی ضلع سکریٹری یمونا گاونکر نے پریس کانفرنس کے دوران ڈی سی سے اپیل کی ہے کہ اپنی غنڈہ گردی سے لوگوں میں خوف وہراس پید ا کرنے والے اس رکن پارلیمان کو فوراً گرفتار کرکے اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔


Share: