ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اننت ناگ شہر کے علاوہ کشمیر کے باقی حصوں سے کرفیو ہٹایا گیا 

اننت ناگ شہر کے علاوہ کشمیر کے باقی حصوں سے کرفیو ہٹایا گیا 

Thu, 28 Jul 2016 19:00:25    S.O. News Service

 

سری نگر ، 28؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )علیحدگی پسندوں کے مجوزہ مارچ کو ناکام بنانے کے لیے وادی کے کچھ حصوں میں کل دوبارہ لگایا گیا کرفیو آج صورت حال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے، اننت ناگ شہر کو چھوڑ کر باقی تمام جگہوں سے ہٹا لیا گیا۔ایک پولیس افسر نے بتایاکہ جنوبی کشمیرکے اننت ناگ شہر کو چھوڑ کر وادی کے کسی بھی حصے میں فی الحال کرفیو نافذ نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ حالات میں بہتری کو دیکھتے ہوئے لوگوں کی آمدورفت پر لگائی گئی پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں۔افسر نے بتایاکہ وادی میں کل حالات پرامن اورکنٹرول میں رہے۔کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔حکام نے قانون وانتظام کی صورت حال کوبرقراررکھنے کے لیے احتیاطی طور پر کل پورے کولگام ضلع اور اننت ناگ میں دوبارہ کرفیو نافذ کر دیا تھا۔سری نگر شہر کے پانچ تھانہ علاقوں کھنیار، ریناواڑی، مہاراج گنج، صفا کدال اور نوہٹا میں کرفیو لگایا گیا تھا جبکہ میسو ما اور کرال خود تھانہ علاقوں میں چار یا اس سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی تھی۔حالانکہ افسر نے بتایا کہ شہر میں آج کوئی روک نہیں ہے۔گزشتہ چنددنوں سے وادی میں حالات خراب تھے۔حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی 8 جولائی کوموت کے بعد مظاہرین اورسیکورٹی فورسز کے درمیان ہوئی پر تشددجھڑپوں میں وادی میں 47لوگ مارے جا چکے ہیں۔وادی میں پوسٹ پیڈ موبائل فون کی خدمات کے سبھی نیٹ ورک کو پھر سے شروع کر دیا گیا ہے۔افسر نے بتایا کہ پری پیڈ موبائلوں پر ان کمنگ کال کی سہولت شروع ہو گئی ہے لیکن ایسے نمبروں سے آوٹ گوئنگ سہولیات پر ابھی بھی روک رہے گی۔


Share: