بنگلورو،5/ستمبر(ایس او نیوز) بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے(بی بی ایم پی) کے 198وارڈوں میں سے101میں اندرا کینٹینوں کو شروع کیاگیاہے۔جہاں پر 5؍روپئے میں ناشتہ اور دس دس روپئے میں دوپہر اور رات کا کھانا فراہم کئے جانے کا ریاستی حکومت نے اعلان کیاہے۔ پچھلے ماہ16 ؍اگست کو کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کے ہاتھوں اندرا کینٹینوں کا افتتاح عمل میں آیا ۔ تب سے مسلسل یہ شکایات موصول ہورہی ہیں کہ صرف آدھے گھنٹہ میں ان کینٹینوں میں کھانا ختم ہوجاتا ہے، اکثر گاہکوں کو مایوس لوٹنا پڑتاہے۔ ان شکایت کا اثر نہ بی بی ایم پی اور نہ ہی حکومت پر پڑرہاتھا۔ ان کینٹینوں کی حقیقت آج اس وقت سامنے آئی جب کرناٹک پر دیش کانگریس کمیٹی(کے پی سی سی ) کے صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے ایک کینٹین کے ملازمین کو لتاڑا۔ بنگلوروشہر کے بی ای ایل روڈ پر واقع ایک اندرا کینٹین میں پرمیشور اور ان کے ساتھی اڈلی سامبر کھانے کے بعد سیدھے گنگا نگر کی کینٹین پہنچے، جہاں انہوں نے دیکھا کہ صبح 8بجے ہی اس کینٹین میں ناشتہ ختم ہوگیاہے ۔ اس وقت ان کے ہمراہ اراکین اسمبلی منی رتنا، ایس ٹی سوم شیکھر اور بائرتی سریش بھی تھے۔ گنگا نگر کی رادھا کرشنا وارڈ کی اس کینٹین میں صبح8بجے ہی کھانا ختم ہوجانے پر حیرت ظاہر کرتے ہوئے پرمیشور نے ملازمین سے دریافت کیا تو پتہ چلا کہ اس کینٹین کے لئے کم سے کم 500پلیٹس کھانا درکار ہے لیکن صرف 150پلیٹس کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ اس لئے یہاں تمام گاہکوں کو کھانا فراہم نہیں کیاجاسکتا اس کے فوری بعد پرمیشور نے بی بی ایم پی کمشنر سے موبائل پر بات کرکے اس کینٹین کو ضرورت کے مطابق کھانا فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ دیگر اندرا کینٹینوں کی بھی یہی صورتحال ہے صرف 15تا30منٹ میں کھانا ختم ہوجاتا ہے۔ اس لئے اکثر لوگ ان کینٹینوں سے متعلق یہ کہہ رہےہیں کہ’’ نام بڑے درشن چھوٹے‘‘ دریں اثناء پرمیشور نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یلہنکا اندرا کینٹین کا معائنہ کرنے کے بعد گنگانگر کینٹین پہنچے تھے جہاں انہیں کھانا ہی نہیں ملا۔ ان کینٹینوں کو شروع کرنے سے قبل جو دعوے کئے جارہے تھے وہ تمام کھوکلے ثابت ہورہے ہیں۔ اکثر کینٹینوں میں غریبوں کوکھانا ہی نہیں ملتا۔پرمیشور نے بتایا کہ جن ٹھیکہ داروں کو اندرا کینٹینوں کی دیکھ بھال کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے ان کی وجہ سے تکلیف ہورہی ہے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کارروائی کرنے بی بی ایم پی کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس حکومت اس اسکیم کے تحت دیگر اضلاع اور تعلقہ جات میں بھی اندرا کینٹین شروع کرے گی۔ وزیراعلیٰ سدارامیا نے یہ فیصلہ کیاہے۔