ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / الشباب یوتھ کمیٹی کی جانب سے مسلم اداروں کا باہمی جلسہ

الشباب یوتھ کمیٹی کی جانب سے مسلم اداروں کا باہمی جلسہ

Sun, 16 Oct 2016 01:45:03    S.O. News Service

کمٹہ 15؍اکتوبر (ایس او نیوز) کمٹہ کے مسلم ادارو ں کا ایک اہم گیٹ ٹو گیدر پروگرام الشباب یوتھ کمیٹی کی جانب سے 13اکتوبر کو مدرسہ محمدیہ کے فنکشن ہال میں بعد نماز مغرب منعقد ہوا۔
جلسے کا آغاز مولانا منت اللہ قاسمی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت شریف کا نذرانہ جناب محمد واسد شیخ نے پیش کیا۔ جلسے کی صدارت بطور مہمان خصوصی تشریف فرماکمٹہ جماعت المسلمین کے صدرجناب محمد شفیع شیخ نے کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سب سے پہلے کمٹہ جماعت المسلمین کا صدر منتخب کیے جانے پر اللہ کا شکر ادا کیاکہ اس نے انہیں جماعت کی خدمت کا موقع عنایت کیا ہے۔ اس کے علاوہ مسلم اداروں کو باہم ملنے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے قوم و ملت کی خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کرنے کے لئے جلسے کے منتظمین الشباب یوتھ کمیٹی کے ذمہ داروں کی بھی سراہنا کی اور ان کا بھی شکریہ اداکیا۔
کمٹہ مسلم ایسو سی ایشن کے صدرجناب محمد اکبر ملا نے کمٹہ کے نوجوانوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ قوم و ملت کی جو بھی تعمیری خدمات انجام دینی ہونگی اس میں ان کا نوجوانوں کے ساتھ بھر پور تعاون رہے گا۔کمٹہ جماعت المسلمین کے نائب صدر اور نارتھ کینر امسلم ایسو سی ایشن کے جنرل سکریٹری جناب محسن قاضی نے کمٹہ مسلم ایسوسی ایشن کے وجود میں آنے کا پس منظر اور اس کے لئے جدوجہد کرنے والوں کے تعلق سے تفصیل سے روشنی ڈالی۔
کمٹہ جامع مسجد کے امام و خطیب جناب مولانا منت اللہ قاسمی نے نوجوانوں کی ستائش کرتے ہوئے نئی منتخب مجلس انتظامیہ کو امن و سکون کے ساتھ قوم کی خدمات انجام دینے کا مشورہ دیا۔ قوم کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے اہم کرداراور وقت کے تقاضوں کے پس منظر میں الاحسان ویلفیئر ٹرسٹ کمٹہ اور آئیڈیل ایجو کیشن سوسائٹی کے ذمہ داران نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔
جناب عبد الرزاق سکریٹری کمٹہ جماعت المسلمین، جناب بستی عبدالملک صدر الاحسان ویلفیئر ٹرسٹ کمٹہ، جناب ابراہیم صاحب ٹرسٹی آئیڈیل ایجوکیشن سوسائٹی، جناب عبداللہ شیخ جنرل سکریٹری آئیڈیل ایجو کیشن سوسائٹی، الشباب یوتھ کمیٹی کے فعال ذمہ داران مہتاب علی اسماعیل اور افتخار شیخ اسٹیج پر جلو ہ افروز تھے۔ اسقبالیہ کلمات سجاد قاضی نے پیش کیے جبکہ ریاض علی خان نے جلسے کی نظامت کی۔ مولانا منت اللہ قاسمی کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔


Share: