نئی دہلی،27؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)افغانستان کی ٹیم ایک روزہ کرکٹ تاریخ میں کسی بھی ٹیم کو سب سے کم اسکور پر لاٹ کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔افغانستان نے زمبابوے کو صرف 13.5اوور میں 54رنز پر ڈھیر کر دیا۔افغانستان نے زمبابوے کو 5ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 3-2سے شکست دی۔مین آف دی میچ رحمت شاہ( (50اور آل راؤنڈر محمد نبی (48رنز اور تین وکٹ)کی شاندار کارکردگی کی بدولت افغانستان نے بارش سے متاثرہ آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں زمبابوے کو ڈک ورتھ لیوس نظام سے 106رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 3-2سے اپنے نام کی۔افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔افغانستان نے رحمت شاہ ((50، محمد نبی( (48اور نور علی جادران( (46کی اننگز کی بدولت مقررہ 50اوورز میں نو وکٹ پر 253رنز بنائے۔زمبابوے کی جانب سے کرس موفو نے 46رن پر تین اور رچرڈ نگاروا نے 37رن پر دو وکٹ حاصل کیا،اس کے بعد بارش نے میچ میں خلل ڈالا جس سے زمبابوے کو 22اوور میں 161رن کا ہدف ملا۔افغانستان کے گیند بازوں کی کسی ہوئی گیند بازی کے سامنے زمبابوے صرف 13.5اوور میں 54رنز پر ڈھیر ہو گئی۔میچ میں زمبابوے کے بلے بازوں کی کارکردگی اتنی خراب رہی کہ اس کے صرف دو بلے باز ہی دہرے ہندسے تک پہنچ سکے۔بیٹنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نبی نے بولنگ میں بھی کمال دکھایا اور 14رنز دے کر تین وکٹ لئے۔عامر حمزہ نے 20رنز دے کر تین اور راشد خان نے دو اوور میں آٹھ رن دے کر دو وکٹ لئے۔